ہمارے معاشرے میں شادی کے بعد رہائش کا مسئلہ ہمیشہ سے بحث و مباحثے کا موضوع رہا ہے۔ ایک طبقہ مشترکہ خاندانی نظام کو مشرقی اقدار، خاندانی استحکام اور بزرگوں کی خدمت کا ضامن قرار دیتا ہے، جبکہ دوسرا طبقہ علیحدہ رہائش کو ازدواجی سکون، باہمی اعتماد اور خاندانی تنازعات کے حل کا بہترین ذریعہ سمجھتا ہے۔ دونوں جانب دلائل بھی ہیں، تجربات بھی اور جذبات بھی۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اسلام اس مسئلے کو کس زاویے سے دیکھتا ہے؟ کیا شریعت نے کسی ایک نظام کو لازم قرار دیا ہے؟ اور موجودہ حالات میں صحیح طرزِ فکر کیا ہونا چاہیے؟
حقیقت یہ ہے کہ اسلام نے نہ تو مشترکہ خاندانی نظام کو فرض قرار دیا ہے اور نہ علیحدہ رہائش کو لازمی بنایا ہے۔ شریعت نے اصول دیے ہیں، جبکہ ان اصولوں کے دائرے میں رہتے ہوئے حالات، ضرورتوں اور مصلحتوں کے مطابق طریقۂ کار اختیار کرنے کی گنجائش رکھی ہے۔
اسلامی تعلیمات میں والدین کے ساتھ حسنِ سلوک، ان کی خدمت اور ان کے ادب کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ قرآن کریم نے توحید کے بعد والدین کے حقوق کا ذکر کیا ہے۔ ایک صالح مسلمان کبھی یہ تصور نہیں کرسکتا کہ شادی کے بعد والدین اس کی زندگی سے غیر متعلق ہوجائیں یا ان کی خدمت و خبر گیری کی ذمہ داری ختم ہوجائے۔ اس اعتبار سے مشترکہ خاندانی نظام کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ والدین اولاد کے قریب رہتے ہیں، باہمی تعاون کا ماحول قائم رہتا ہے، بچوں کی تربیت میں دادا دادی اور نانا نانی کا کردار شامل رہتا ہے اور خاندان ایک اجتماعی قوت کے طور پر باقی رہتا ہے۔
برصغیر کی تہذیب میں مشترکہ خاندان نے کئی صدیوں تک سماجی استحکام پیدا کیا۔ محدود وسائل کے باوجود لوگ ایک دوسرے کے سہارے زندگی گزارتے تھے۔ بیماری، معاشی تنگی اور دیگر مشکلات میں خاندان ایک مضبوط حصار ثابت ہوتا تھا۔ بزرگوں کی دعائیں، تجربات اور رہنمائی نئی نسل کے لیے سرمایہ سمجھی جاتی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی بہت سے خاندان مشترکہ نظام میں خوشحال اور کامیاب زندگی گزار رہے ہیں۔
لیکن اس حقیقت سے بھی انکار ممکن نہیں کہ ہر مشترکہ خاندان مثالی نہیں ہوتا۔ جب گھروں میں حدود و حقوق کا خیال نہ رکھا جائے، نجی زندگی میں غیر ضروری مداخلت معمول بن جائے، بہو کو خاندان کا فرد سمجھنے کے بجائے خادمہ تصور کیا جائے، یا ساس، بہو، نند اور دیورانی جٹھانی کے تعلقات رقابت اور مقابلے کی بنیاد پر استوار ہوں تو پھر یہی نظام سکون کے بجائے مسلسل کشیدگی کا سبب بن جاتا ہے۔
یہاں ایک اہم شرعی حقیقت بھی پیش نظر رہنی چاہیے کہ نکاح کے بعد عورت کو ایسی مستقل رہائش فراہم کرنا شوہر کی ذمہ داری ہے جہاں اس کی نجی زندگی، عزت اور آرام محفوظ رہ سکیں۔ فقہاء نے واضح طور پر لکھا ہے کہ اگر مشترکہ رہائش کی وجہ سے عورت کو اذیت پہنچتی ہو یا اس کی پرائیویسی متاثر ہوتی ہو تو وہ علیحدہ رہائش کا مطالبہ کرسکتی ہے۔ اس لیے یہ کہنا درست نہیں کہ ہر صورت میں عورت کا شوہر کے والدین کے ساتھ رہنا شرعی فریضہ ہے۔
دوسری طرف علیحدہ رہائش کو بھی تمام مسائل کا حل سمجھ لینا حقیقت پسندانہ رویہ نہیں۔ جدید دور میں انفرادیت پسندی نے خاندانی رشتوں کو کمزور کیا ہے۔ بہت سے نوجوان شادی کے بعد علیحدہ گھر تو حاصل کرلیتے ہیں، لیکن آہستہ آہستہ والدین سے تعلق محض رسمی ملاقاتوں تک محدود ہو جاتا ہے۔ بعض اوقات بڑھاپے میں والدین تنہائی، بے بسی اور احساسِ محرومی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ یہ صورتحال اسلامی تعلیمات اور مشرقی خاندانی اقدار دونوں کے منافی ہے۔
اصل مسئلہ مشترکہ یا علیحدہ رہائش نہیں، بلکہ حقوق و فرائض کا توازن ہے۔ اگر مشترکہ نظام میں محبت، وسعتِ ظرف، حدود کی رعایت اور ایک دوسرے کے حقوق کا احترام موجود ہو تو وہ ایک مثالی نظام بن سکتا ہے۔ اور اگر علیحدہ رہائش کے باوجود والدین کی خدمت، خبر گیری اور تعلق برقرار رہے تو وہ بھی اسلامی تعلیمات کے عین مطابق ہے۔
بدقسمتی سے ہمارے ہاں اکثر لوگ نظام کو بدلنے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ رویوں کی اصلاح پر توجہ نہیں دیتے۔ حالانکہ خراب مزاج جس رح مشترکہ گھر کو جہنم بنا سکتا ہے،اسی طرح علیحدہ گھر کو بھی آتشکدہ بنانے میں دیر نہیں لگاتا، جس طرح حسنِ اخلاق علیحدہ رہائش کو محبت و احترام کا مرکز بناتاہے، اسی طرح مشترکہ خاندان کو بھی جنت کا نمونہ بنا سکتا ہے ۔
اس مسئلے میں ایک اور غلطی یہ ہوتی ہے کہ بعض والدین اولاد کی شادی کے بعد بھی ان کی زندگی کے تمام فیصلوں پر اپنی گرفت برقرار رکھنا چاہتے ہیں، جبکہ بعض نوجوان آزادی کے نام پر والدین کی جائز توقعات کو بھی بوجھ سمجھنے لگتے ہیں۔ اسلام دونوں انتہاؤں سے بچنے کی تعلیم دیتا ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ نئی نسل کے حالات اور نفسیات کو سمجھیں، جبکہ اولاد کو چاہیے کہ وہ اپنی آزادی کو والدین سے بے نیازی کا نام نہ بننے دے۔
معاشرتی سطح پر دیکھا جائے تو آج شاید ایک درمیانی راستہ زیادہ موزوں معلوم ہوتا ہے؛ یعنی والدین کے قریب رہنا، ان کے ساتھ مضبوط تعلق رکھنا، ان کی خدمت اور ضروریات کا اہتمام کرنا، لیکن ساتھ ہی نئی جوڑی کو اتنی نجی فضا بھی میسر ہو کہ وہ اپنی ازدواجی زندگی کو اعتماد اور سکون کے ساتھ آگے بڑھا سکے۔ بہت سے کامیاب خاندان اسی اعتدال کی بنیاد پر قائم ہیں۔
اسلام کا مزاج بھی یہی ہے کہ وہ کسی ایک معاشرتی ڈھانچے کو مقدس قرار دینے کے بجائے عدل، احسان، حسنِ معاشرت اور حقوق کی ادائیگی پر زور دیتا ہے۔ لہٰذا یہ بحث کہ مشترکہ خاندانی نظام بہتر ہے یا علیحدہ رہائش، اپنے آپ میں مکمل سوال نہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ جس نظام کو بھی اختیار کیا جائے، کیا اس میں اللہ تعالیٰ کے احکام، والدین کے حقوق، میاں بیوی کے باہمی حقوق اور خاندان کے دیگر افراد کی عزت و حرمت محفوظ ہے؟
اگر جواب ہاں میں ہے تو وہی نظام بہتر ہے، اور اگر جواب نفی میں ہے تو محض مشترکہ یا علیحدہ رہائش کا نام کسی گھر کو پُرسکون نہیں بنا سکتا۔ گھر دیواروں سے نہیں بنتے، بلکہ عدل، محبت، احترام اور ایثار سے بنتے ہیں، اور یہی وہ بنیادیں ہیں جن پر ایک مضبوط خاندان اور ایک صحت مند معاشرہ قائم ہوسکتا ہے۔