(+92) 319 4080233
کالم نگار

ڈاکٹر طاہر اسلام عسکری

ڈاکٹر طاہر اسلام عسکری

پروفائل | تمام کالمز
2026/11/08
موضوعات
خدا، آزادی اور شر: جدید فلسفۂ مذہب کی ایک اہم کتاب
معاصر مغربی فلسفے کے ممتاز مفکر ایلوِن پلانٹنگا (Alvin Plantinga) کی معروف تصنیف *God, Freedom, and Evil* کا اردو ترجمہ *خدا، آزادی اور شر* کے عنوان سے شایع ہوا ہے۔ 1974ء میں پہلی مرتبہ منظرِ عام پر آنے والی اس کتاب کو جدید فلسفۂ مذہب میں ایک اہم مقام حاصل ہے۔ اس میں خدا کے وجود، قدرتِ الٰہی، انسانی ارادے کی آزادی اور مسئلۂ شر جیسے بنیادی سوالات کو نہایت دقیق منطقی استدلال کے ساتھ موضوعِ بحث بنایا گیا ہے۔ بالخصوص مسئلۂ شر کے منطقی اعتراض کے جواب میں پلانٹنگا کا پیش کردہ *آزاد ارادے کا دفاع* (Free Will Defense) جدید فلسفیانہ مباحث میں غیر معمولی اثرات کا حامل رہا ہے۔

کتاب میں خدا کے وجود سے متعلق کائناتی، غایتی اور وجودی دلائل بھی زیرِ بحث آئے ہیں۔

اس اہم کتاب کو اردو کے قالب میں ڈھالنے کی سعادت *محترم ابرار حسین* کے حصے میں آئی ہے، جو دینی علمی روایت سے گہری وابستگی کے ساتھ جدید فکری و فلسفیانہ مباحث پر بھی عمدہ نظر رکھتے ہیں۔ دینی و عصری علوم سے واقفیت، فلسفیانہ ذوق اور زبان و بیان پر قدرت ان کی علمی شخصیت کے نمایاں اوصاف ہیں۔

فلسفے کی اس نوعیت کی کتاب کا ترجمہ محض زبان دانی نہیں، بل کہ موضوع کی تفہیم اور اصطلاحات و استدلال کی باریکیوں سے واقفیت کا بھی تقاضا کرتا ہے۔ ترجمے کے منتخب صفحات سے اندازہ ہوتا ہے کہ انھوں نے اس دشوار کام کو بڑی سنجیدگی اور خوش اسلوبی سے انجام دیا ہے۔

عبارت رواں اور شستہ ہے اور فلسفیانہ استدلال کی پیچیدگی کے باوجود اردو کا فطری آہنگ برقرار ہے۔ *عکس پبلی کیشنز، لاہور* نے کتاب کو نہایت خوش نما انداز میں شایع کیا ہے۔ اس گراں قدر علمی تحفے پر مترجمِ محترم اور ناشر کا تہِ دل سے شکریہ۔ امید ہے کہ یہ ترجمہ اردو کے علمی حلقوں میں فلسفۂ مذہب اور جدید علمِ کلام کے سنجیدہ مطالعے کو فروغ دینے کا ذریعہ بنے گا۔

کالم نگار : ڈاکٹر طاہر اسلام عسکری
| | |
32