(+92) 319 4080233
کالم نگار

مفتی محمد تقی عثمانی

مفتی محمد تقی عثمانی

پروفائل | تمام کالمز
2026/11/08
موضوعات
محبت و شفقت کیوں جوش نہیں مارتی؟
بعض حضرات یہ بھی کہتے سنے گئے ہیں کہ ہم نے تو اپنے اہلِ خانہ کو دینی رنگ میں رنگنے کی بڑی کوشش کی، لیکن زمانے کی ہوا ہی ایسی ہے کہ ہمارے وعظ و نصیحت کا ان پر کچھ اثر نہ ہوا۔ مگر بعض اوقات یہ خیال شیطان کے دھوکے کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔

سوال یہ ہے کہ آپ نے کتنی لگن، کتنے اضطراب اور کتنی دل سوزی کے ساتھ یہ کوششیں کی ہیں۔ اگر آپ کی اولاد جسمانی طور پر بیمار ہو جائے یا اس کا کوئی عضو، خدا نہ کرے، آگ میں جلنے لگے تو آپ اپنے دل میں کتنی تڑپ محسوس کرتے ہیں، اور یہ تڑپ آپ سے کیسے کیسے مشکل کام کرا لیتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا اپنی اولاد کو گناہوں میں مبتلا دیکھ کر بھی کبھی آپ نے اتنی تڑپ محسوس کی ہے؟

اگر واقعةً اولاد کی دینی اور اخلاقی تباہی کو دیکھ کر آپ میں اتنی ہی تڑپ پیدا ہوئی ہے جتنی اسے بیمار دیکھ کر ہوتی ہے، اور آپ نے اسے دینی تباہی سے بچانے کی ایسی ہی کوشش کی ہے جتنی جسمانی ہلاکت سے بچانے کے لیے کرتے ہیں تو بلاشبہ آپ نے اپنا فرض ادا کر دیا۔

لیکن اگر آپ نے اپنے گھر والوں کی دینی تربیت میں اتنی لگن، ایسے جذبے اور اتنی کاوش کا مظاہرہ نہیں کیا تو کیا وجہ ہے کہ ایک معمولی سی آگ اپنے بچے کے قریب دیکھ کر آپ کے سینے پر سانپ لوٹ جاتے ہیں، اور جہنم کی ابدی آگ، جس سے بچاؤ کی کوئی صورت نہیں، اسے آپ اپنی اولاد کے سامنے منہ کھولے دیکھتے ہیں۔ مگر آپ کی محبت و شفقت کوئی جوش نہیں مارتی؟

اگر آپ اپنے ننھے سے بچے کے ہاتھ میں بھرا ہوا پستول دیکھ لیتے ہیں تو اس کے رونے دھونے کی پروا کیے بغیر جب تک اس کے ہاتھ سے وہ پستول چھین نہیں لیتے، چین سے نہیں بیٹھ سکتے۔ لیکن کیا وجہ ہے کہ جب وہی اولاد آپ کو دینی تباہی کے آخری سرے پر نظر آتی ہے تو آپ صرف ایک دو مرتبہ زبانی وعظ و نصیحت کر کے یہ سمجھ لیتے ہیں کہ آپ نے اپنا فرض ادا کر دیا۔

سوال یہ ہے کہ کیا آپ نے کبھی سنجیدگی اور اہتمام کے ساتھ اپنے گھر کی اصلاح کی مؤثر تدبیریں سوچی ہیں؟ جس لگن اور دلچسپی کے ساتھ آپ اپنی اولاد کے لیے روزگار تلاش کرتے ہیں، کیا اتنی لگن کے ساتھ اس کی تربیت کے راستے تلاش کیے ہیں؟ جس خضوع و خشوع اور سوزِ قلب کے ساتھ آپ ان کی صحت کے لیے دعائیں کرتے ہیں، کیا اسی طرح کبھی آپ نے ان کے لیے اللہ سے صراطِ مستقیم طلب کی ہے؟ اگر ان میں سے کوئی کام آپ نے نہیں کیا تو آپ کو اپنے اہلِ خانہ کی ذمہ داری سے سبکدوش سمجھنے کا کوئی حق نہیں پہنچتا۔

مأخَذ

ماخوذاز وعظ:فرد کی اصلاح

کالم نگار : مفتی محمد تقی عثمانی
| | |
118