(+92) 319 4080233
کالم نگار

مفتی سفیان بلند

مفتی سفیان بلند

پروفائل | تمام کالمز
2026/11/29
موضوعات
موروثیت مذموم یا محمود؟
آج "موروثیت" کا لفظ کچھ اس لہجہ میں بولا جاتا ہے گویا خاندانی نسبت کی بنیاد پر کسی کو مقام دینا بذاتِ خود کوئی جرم ہو، حالانکہ اسلام نے نہ نسب کو بے وقعت ٹھہرایا اور نہ نسبت کو اہلیت کا بدل بنایا، بلکہ دونوں کے بیچ وہ "راہِ اعتدال" دکھائی جو مغربی تصور میں کہیں نظر نہیں آتی، خاندانی نظام کو اسلام میں بڑی اہمیت حاصل ہے، جبھی قرآن نے "نسب" اور "صہر" کو مقامِ امتنان میں ذکر کیا: ﴿فَجَعَلَهُ نَسَبًا وَصِهْرًا﴾ (الفرقان: 54)۔

*① قرآنِ کریم کی روشنی میں:
➊ حضرت زکریا علیہ السلام نے دعا مانگی: ﴿فَهَبْ لِي مِن لَّدُنكَ وَلِيًّا، يَرِثُنِي وَيَرِثُ مِنْ آلِ يَعْقُوبَ﴾ (مریم: 5-6)، مفسرین کے نزدیک یہ وراثت علم و نبوت کی تھی، کیونکہ انبیائے کرام علیہم السلام مال کے وارث نہیں بناتے: «لَا نُورَثُ، مَا تَرَكْنَا صَدَقَةٌ» (بخاری: 6730؛ مسلم: 1758)، یعنی ایک نبی نے اپنی اولاد کے لئے منصبِ دینی کی وراثت مانگی اور رب نے اسے شرفِ قبولیت بخشا۔

➋ اسی دعا کا اگلا جملہ ہے: ﴿وَاجْعَلْهُ رَبِّ رَضِيًّا﴾، یعنی وارث مانگا تو ساتھ "صالحیت" بھی مانگی، گویا نسبت کے ہمراہ "اہلیت" ہی اصل مطلوب ہے۔

➌ ﴿وَوَرِثَ سُلَيْمَانُ دَاوُودَ﴾ (النمل: 16)، اور اس سے پہلی آیت میں ارشاد ہے کہ دونوں کو علم عطا ہوا (النمل: 15)، یعنی نسبت بھی تھی اور علم و حکمت بھی۔

➍ ﴿ذُرِّيَّةً بَعْضُهَا مِن بَعْضٍ﴾ (آل عمران: 34)، آلِ ابراہیم و آلِ عمران کے اصطفاء کا ذکر ہے، یعنی خیر کا خاندانی تسلسل اللہ کی سنت بھی ہے اور اس کی نعمت بھی۔

*② احادیثِ نبویہ کی روشنی میں:
➊ «الْكَرِيمُ ابْنُ الْكَرِيمِ ابْنِ الْكَرِيمِ ابْنِ الْكَرِيمِ، يُوسُفُ بْنُ يَعْقُوبَ بْنِ إِسْحَاقَ بْنِ إِبْرَاهِيمَ» (بخاری: 3390، نیز 4688)، رسول اللہ ﷺ نے نسب کے شرف کو بیان فرمایا۔

➋ «الْأَئِمَّةُ مِنْ قُرَيْشٍ» (مسند احمد: 12307) یعنی شریعت نے نسبتِ خاندانی کو ترجیحات میں ملحوظ تو رکھا، مگر روایت میں اس کو اسے عدل، وفا اور رحم کی شرط سے بھی جوڑا ہے۔

*③ مگر اہلیت شرط ہے:
سو موروثیت ہو مگر اہلیت بھی ہو، صرف خاندانی نسبت نہ ہو، چنانچہ اس کی طرف بھی اشارہ ہے۔

➊ حضرت نوح علیہ السلام کے بیٹے کے بارے میں فرمایا: ﴿إِنَّهُ لَيْسَ مِنْ أَهْلِكَ، إِنَّهُ عَمَلٌ غَيْرُ صَالِحٍ﴾ (ہود: 46) کہ نسبت اگر عملِ صالح سے خالی ہو تو بے اثر ہے۔

➋ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے ﴿وَمِن ذُرِّيَّتِي﴾ کہا تو جواب ملا : ﴿لَا يَنَالُ عَهْدِي الظَّالِمِينَ﴾ (البقرہ: 124)، یعنی ذریت میں سے بھی ظالم و نااہل کو منصب نہیں ملے گا۔

➌ «إِذَا ضُيِّعَتِ الْأَمَانَةُ فَانْتَظِرِ السَّاعَةَ»، پوچھا گیا: اس کا ضائع ہونا کیسے ہے؟ فرمایا: «إِذَا وُسِّدَ الْأَمْرُ إِلَى غَيْرِ أَهْلِهِ فَانْتَظِرِ السَّاعَةَ» (بخاری: 59) یعنی جب امانت کسی نا اہل کے سپرد کردی جائے تو قیامت کا یعنی تباہی کا انتظار کرو۔

➍ حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے فرمایا: «يَا أَبَا ذَرٍّ، إِنَّكَ ضَعِيفٌ، وَإِنَّهَا أَمَانَةٌ، وَإِنَّهَا يَوْمَ الْقِيَامَةِ خِزْيٌ وَنَدَامَةٌ، إِلَّا مَنْ أَخَذَهَا بِحَقِّهَا وَأَدَّى الَّذِي عَلَيْهِ فِيهَا» (مسلم: 1825) کہ منصب امانت ہے اور امانت اہل ہی کے سپرد ہوتی ہے۔

*④ خلاصہ:
مذکورہ بالا نصوص کا حاصل یہ ہے کہ جس میں "صالحیت و صلاحیت" بھی ہو اور "خاندانی نسبت" بھی، وہ نسبت کی برکت کے سبب ترجیح کا مستحق ہے، اس کے بعد وہ ہے جس میں صرف "اہلیت" ہو اگرچہ نسبت نہ ہو، اور جس کے پاس فقط نسبت ہو اہلیت نہ ہو اسے ذمہ داری سونپنا امانت میں "خیانت" ہے، لہٰذا اصل خرابی "موروثیت" میں نہیں ہے بلکہ "نااہلی" میں ہے، اور آواز بھی اسی کے خلاف اٹھنی چاہیے۔

*⑤ ایک باریک فرق* ادارتی نظام اور تحریکی نظام کی قیادت میں فرق ہوتا ہے، ادارے محدود اور مخصوص نوعیت کے ہوتے ہیں جب کہ تحریکیں اور نظام وسعت رکھتے ہیں اور وقت کے ساتھ مختلف حالات سے گزرتے ہیں، سو اداروں اور جماعتوں کے لئے اہلیت رکھنے والے خاندانی افراد بھی کافی ہوسکتے ہیں، کیونکہ ادارے کسی حد تک "شخصیات" سے چلتے ہیں جب کہ تحریکیں اور نظامِ کار صرف "شخصیات" سے نہیں بلکہ "نظریات" سے چلتے ہیں، اور اگر خاندانی اثر و رسوخ مکمل طور پر غالب آ جائے تو نظام متاثر ہو جاتا ہے۔

*⑥ دوسرا نقطہ نظر:
اس مؤقف کے برعکس ایک طبقہ کی رائے یہ ہے کہ عملاً اہلیت کا فیصلہ اکثر خاندان کے اندر ہی ہوجاتا ہے، جس سے ادارے شخصیات کے تابع ہوجاتے ہیں اور باصلاحیت لوگوں کا راستہ رک جاتا ہے، اس لئے وہ شورائیت، احتساب اور کھلے انتخاب کو لازم سمجھتے ہیں، اور یہ مطالبہ دراصل "اہلیت" کی شرط کی عملی صورت ہے، تأمل و تدبر!

کالم نگار : مفتی سفیان بلند
| | |
86