(+92) 319 4080233
کالم نگار

مفتی عبدالمنعم فائز

مفتی عبدالمنعم فائز

پروفائل | تمام کالمز
2026/11/23
موضوعات
اقبالؒ کے شہرہ آفاق کلام کی دل نشیں تشریح
جوابِ شکوہ:
علامہ اقبال نے یہ نظم 1913ء میں لکھی تھی اور موچی دروازہ لاہور کے باہر اُس جلسہ میں سنائی تھی جو مولانا ظفر علی خان کے زیراہتمام جنگ بلقان کے سلسلہ میں منعقد ہوا تھا، تاکہ ترکوں کے لیے چندہ جمع کیا جائے۔نظم کے اختتام پر اس کی ہزاروں کاپیاں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو گئیں اور وہ تمام رقم بلقان فنڈ میں دے دی گئی۔نظم شکوہ کی طرح یہ نظم بھی اقبال کی اردو شاعری کے نادر ترین نمونوں میں سے ہے۔اس نظم کے اشعار اور ان کی تشریح درج ذیل ہے:

دل سے جو بات نکلتی ہے اثر رکھتی ہے

پر نہیں،طاقت پرواز مگر رکھتی ہے

(جو بات انسان کے دل کی گہرائی سے نکلتی ہے، وہ اپنا اثر ضرور رکھتی ہے۔ اخلاص والی بات کے پر نہیں ہیں مگر اس میں پرواز کی طاقت ہوتی ہے)

قدسی الاصل ہے' رفعت پہ نظر رکھتی ہے

خاک سے اٹھتی ہے ، گردوں پہ گزر رکھتی ہے

(دل سے نکلی ہوئی بات میں چونکہ خلوص ہوتا ہے، اس لیے اگرچہ مٹی سے بنے انسان کی صدا ہو، مگروہ سات آسمانوں سے اوپر پہنچ جاتی ہے)

عشق تھا فتنہ گرو سرکش و چالاک مرا

آسماں چیر گیا نالہ بے باک مرا

(میرا عشق بڑا تند و تیز اور چالاک تھا، مگر اپنے خلوص و سچائی کی بنا پر آسمانوں کو چیر کر آگے بڑھ گیا)

پیر گردوں نے کہا سن کے، کہیں ہے کوئی

بولے سیارے،سر عرش بریں ہے کوئی

(بوڑھے آسمان نے میری آواز سن کر کہا: لگتا ہے قریب ہی کوئی ہے۔سیاروں نے کہا:شاید عرش پر کوئی ہے)

چاند کہتا تھا،نہیں! اہل زمیں ہے کوئی

کہکشاں کہتی تھی' پوشیدہ یہیں ہے کوئی

(چاند نے کہا: نہیں! زمین کا کوئی باسی ہے۔ کہکشاں نے کہا: لگتا ہے یہیں اِرد گِرد کوئی چھپا ہوا ہے۔)

کچھ جو سمجھا مرے شکوے کو تو رضواں سمجھا

مجھے جنت سے نکالا ہوا انساں سمجھا

(اگر میری فریاد کو کسی نے سمجھا تو وہ جنت کا نگران، رضوان تھا، اس نے پہچان لیا کہ یہ جنت سے نکالا ہوا انسان ہے)

تھی فرشتوں کو بھی حیرت کہ یہ آواز ہے کیا

عرش والوں پہ بھی کھلتا نہیں یہ راز ہے کیا

(فرشتے بھی حیران تھے کہ یہ آواز کس طرح کی ہے ؟ عرش کے فرشتوں کو بھی اندازہ نہیں تھا کہ یہ راز کیا ہے؟)

تا سر عرش بھی انساں کی تگ و تاز ہے کیا

آگئی خاک کی چٹکی کو بھی پرواز ہے کیا

(وہ حیران ہو رہے تھے کہ کیا انسان کی رسائی اب عرش تک بھی ہو گئی ہے!کیا خاک کے پتلے میں اتنی جان آ گئی ہے کہ اس قدر بلندی تک پرواز کر سکے!)

غافل آداب سے سکان زمیں کیسے ہیں

شوخ و گستاخ یہ پستی کے مکیں کیسے ہیں

(فرشتے کہنے لگے: اگر ایسا ہے تو واقعی یہ یہ زمیں والے محفل کے آداب سے بالکل نا آشنا ہیں۔ اتنی پستی میں رہ کر بھی یہ شوخی اور یہ گستاخی!)

اس قدر شوخ کہ اللہ سے بھی برہم ہے

تھا جو مسجود ملائک' یہ وہی آدم ہے

(انسان اس قدر شوخ ہو گیا کہ ”اللہ“ سے ناراضگی کا اظہار کر رہا ہے، کیا یہ وہی آدم ہے جسے ہم فرشتوں کے ذریعے سجدہ کروا کر عظمت بخشی گئی تھی؟!)

عالم کیف ہے' دانائے رموز کم ہے

ہاں مگر عجز کے اسرار سے نامحرم ہے

(یہ درست ہے کہ وہ دنیا کے اسرار اور بھیدوں سے واقف ہے، مگر ابھی تک عجز و انکساری کے آداب سے نا واقف ہے)

ناز ہے طاقت گفتار پہ انسانوں کو

بات کرنے کا سلیقہ نہیں نادانوں کو

(فرشتے بولے: ویسے تو انسانوں کو اپنے بولنے کی طاقت پر بہت فخر ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ اسے بات کرنے تک کا بھی سلیقہ نہیں ہے)

آئی آواز' غم انگیز ہے افسانہ ترا

اشک بے تاب سے لبریز ہے پیمانہ ترا

(اتنے میں عرش سے ایک بلند آواز آئی: یقیناً تیری کہانی بڑی دکھ بھری ہے اور تیری آنکھوں سے نکلنے والے آنسو بھی سچے ہیں)

آسماں گیر ہوا نعرۂ مستانہ ترا

کس قدر شوخ زباں ہے دل دیوانہ ترا

(تیرے دیوانے دل اور شوخ لہجے والی فریاد آسمان تک پہنچ گئی ہے۔)

شکر شکوے کو کیا حسن ادا سے تو نے

ہم سخن کر دیا بندوں کو خدا سے تو نے

(تو نے اپنے شکوے کو جس قدر خوبی سے بیان کیا ہے تو گویا شکایت کو بھی شکر کے سانچے میں ڈھال دیا ہے اور یوں بندے کی خدا سے بات کروادی ہے)

ہم تو مائل بہ کرم ہیں' کوئی سائل ہی نہیں

راہ دکھلائیں کسے' رہر و منزل ہی نہیں

(ہم تو ہمیشہ سے رحم و کرم کے لیے تیار ہیں مگر کوئی ہم سے رحم وکرم مانگتا ہی نہیں۔ جب کوئی منزل کی طرف قدم ہی نہ بڑھانا چاہے تو ہم کسے راستہ دکھائیں!؟)

تربیت عام تو ہے' جوہر قابل ہی نہیں

جس سے تعمیر ہو آدم کی' یہ وہ گل ہی نہیں

(ہم تو ہر وقت رہنمائی کے لیے تیار ہیں، مگر کوئی شخص اتنا قابل ہی نہیں کہ ہم اس کی رہنمائی کرسکیں۔ انسانوں میں اتنی صلاحیت ہی نہیں کہ ان کوتعمیر اور ترقی دی جاسکے)

کوئی قابل ہو تو ہم شان کئی دیتے ہیں

ڈھونڈنے والوں کو دنیا بھی نئی دیتے ہیں

(اگر کوئی واقعی قابل ہو تو ہم اسے بادشاہوں جیسی شان و شوکت دیتے ہیں ۔ اگر کوئی شخص محنت کرے تو ہم اسے نئی دنیا کا راستہ دکھا دیتے ہیں)

ہاتھ بے زور ہیں' الحاد سے دل خوگر ہیں

امتی باعث رسوائی پیغمبرﷺ ہیں

(ہاتھوں میں قوت نہیں ہے اور دلوں میں الحاد اور بے دینی ہے۔ ایسے مسلمان ہیں جو اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو شرمندہ کر رہے ہیں)

بت شکن اٹھ گئے' باقی جو رہے بت گر ہیں

تھا براہیم پدر اور پسر آزر ہیں

(جو بتوں کو توڑنے والے تھے، وہ تو چلے گئے ہیں، اب تو بت بنانے والے رہ گئے ہیں۔ باپ ابراہیم تھا، بیٹوں نے آزر کی صفت اپنا لی ہے)

بادہ آشام نئے ، بادہ نیا' خم بھی نئے

حرم کعبہ نیا' بت بھی نئے' تم بھی نئے

(تم میں اپنے اسلاف کی کوئی خوبی باقی نہیں رہی،اب سب کچھ نیا ہے۔تمہارا قبلہ، دنیا اور تمہارے بت، دنیا کی خواہشات ہیں۔)

وہ بھی دن تھے کہ یہی مایہ رعنائی تھا

نازش موسم گل لالہ صحرائی تھا

(ایک زمانہ وہ بھی تھا جب مسلمان ہی پوری کائنات کا دولہا تھا۔ دنیا کی ساری بہاریں اور خوبصورتیاں مسلمان کی وجہ سے ہی تھیں)

جو مسلمان تھا' اللہ کا سودائی تھا

کبھی محبوب تمھارا یہی ہرجائی تھا

(مسلمان صرف اللہ کے عاشق ہوتے تھے اور اس پر ہمہ وقت جان و مال لٹُانے کے لیے تیار رہتے تھے۔ وہی اللہ جسے تم آج ہرجائی کہہ رہے ہو!)

کسی یکجائی سے اب عہد غلامی کر لو

ملت احمد مرسل کو مقامی کو لو

(اگر ہم ہر جائی ہیں تو ٹھیک ہے، تم اب ہماری وفا کے دم بھرنے کے بجائے کسی یکجا ذات کی غلامی کا عزم کرلو۔ اس کی صورت یہ ہے کہ ملتِ اسلام کو عالمگیر ماننے کے لیے بجائے کسی خاص ملک یا قوم سے وابستہ کر لو اور اسلام سے آزاد ہو جاؤ)

کس قدر تم پہ گراں صبح کی بیداری ہے

ہم سے کب پیار ہے! ہاں نیند تمھیں پیاری ہے

(تمہاری وفا کا تو یہ حال ہے کہ تم ہمارےلیے صبح بیدار نہیں ہو سکتے، تمہیں ہم سے زیادہ اپنی نیند پیاری ہے)

طبع آزاد پہ قید رمضاں بھاری ہے

تمہی کہہ دو یہی آئین و فاداری ہے؟

(تمہاری طبیعت اتنی آزاد ہے کہ رمضان المبارک کی پابندیوں کا ایک مہینہ تمہیں بوجھ لگتا ہے۔ تم ہی بتاو کہ اگر اپنے خدا سے وفادار ہو تو کیا یہ وفاداری ہے!؟)

قوم مذہب سے ہے' مذہب جو نہیں' تم بھی نہیں

جذب باہم جو نہیں' محفل انجم بھی نہیں

(قوم تو مذہب سے بنتی ہے، اگر تم مذہب سے ہی آزاد ہو تو تمہارا ہونا، نا ہونا برابر ہے۔بالکل اس طرح جیسے اگر ستاروں کے درمیان کی کشش ختم ہو جائے تو ستاروں کاسارا نظام تباہ ہوجائے)

جن کو آتا نہیں دنیا میں کوئی فن' تم ہو

نہیں جس قوم کو پروائے نشیمن، تم ہو

(حقیقت یہ ہے کہ جنہیں دنیا کوئی فن اور ہنر نہیں آتا، وہ تم ہو۔ جو اپنے مستقبل سے لا پرواہ ہیں، وہ تم ہو)

بجلیاں جس میں ہوں آسودہ' وہ خرمن تم ہو

بیچ کھاتے ہیں جو اسلاف کے مدفن، تم ہو

(تم اس قدر کمزور ہو کہ دشمن کی بجلیاں کبھی بھی تم پر گر سکتی ہیں، اور تمہاری حالت اس قدر بری ہے کہ تم اپنے بزرگوں کے مقبروں تک کو بیچ کھاتے ہو۔)

ہو نکو نام جو قبروں کی تجارت کرکے

کیا نہ بیچو گے جو مل جائیں صنم پتھر کے

(جب تم مقبروں کو بیچنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتے تو اگر تمہیں بت بیچنے کا موقع مل جائے تو اس میں بھی کوئی شرم محسوس نہیں کروگے)

صفحہ دہر سے باطل کو مٹایا کس نے؟

نوع انساں کو غلامی سے چھڑایا کس نے؟

(ذرا اس کا بھی جواب دو کہ دنیا سے باطل کا نام کس نے مٹایا ہے؟ اور انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے کس نے نجات دلوائی ہے؟)

میرے کعبے کو جبینوں سے بسایا کس نے؟

میرے قرآن کو سینوں سے لگایا کس نے؟

(حرمِ کعبہ کو اپنے سجدوں سے کس نے آباد کیا ہے؟ وہ کون لوگ تھے جنہوں نےقرآن کو اپنے سینوں سے لگا رکھا تھا؟)

تھے تو آبا وہ تھارے ہی' مگر تم کیا ہو

ہاتھ پر ہاتھ دھرے منتظر فردا ہو

(یہ سارے کارنامے تو تمہارے اسلاف اور آباء و اجداد نے کیے تھے، مگر ان کے مقابلے میں تم نے کیا کیا؟ تم تو بس ہاتھ پر ہاتھ رکھ کربیٹھے ہو اور اچھے دنوں کی تمنائیں لگائے ہوئے ہو)

کیا کہا ! بہر مسلماں ہے فقط وعدہ حور

شکوہ بے جا بھی کرے کوئی تو لازم ہے شعور

(تم نے شکوہ کیا کہ مسلمانوں کے لیے صرف حور کا وعدہ ہے، حقیقت کچھ نہیں۔ یہ ایک غلط شکوہ ہے۔ بے جا شکوہ کے لیے بھی عقل و شعور ضروری ہے)

عدل ہے فاطر ہستی کا ازل سے دستور

مسلم آئیں ہوا کافر تو ملے حور و قصور

(ہم نے تو پہلے دن سے عدل و انصاف کا قاعدہ بنا رکھا ہے کہ اگر کافر بھی مسلمانوں والے کام کرنے لگے تو ان سے نا انصافی نہیں کی جائے گی، بلکہ وہ اپنی محنت کی وجہ سے دنیا میں کامیاب ہوگا)

تم میں حوروں کا کوئی چاہنے والا ہی نہیں

جلوۂ طور تو موجود ہے' موسی ہی نہیں

(تمہارے طرزِ عمل سے تو یہی ظاہر ہوتا ہے کہ تم میں حوروں کی خواہش موجود نہیں ہے۔ گویا طور کا پہاڑ تو موجود ہے لیکن اس کو دیکھنے کے لیے موسی موجود نہیں ہیں)

منفعت ایک ہے اس قوم کی' نقصان بھی ایک

ایک ہی سب کا نبی' دین بھی' ایمان بھی ایک

(اے مسلمانو! تم ایک قوم ہو، تم میں سے کسی ایک کا نفع یا نقصان، سب کا نفع نقصان ہے۔ سب کا دین، نبی اور اسلام بھی ایک ہی ہے)

حرم پاک بھی' اللہ بھی' قرآن بھی ایک

کچھ بڑی بات تھی ہوتے جو مسلمان بھی ایک

(تمہارا خانہ کعبہ، تمہارا پالنے والا اور تمہارا آسمانی دستور یعنی قرآن بھی سب کا ایک ہی ہے )

فرقہ بندی ہے کہیں اور کہیں ذاتیں ہیں

کیا زمانے میں پنپنے کی یہی باتیں ہیں

(سب کچھ ایک ہونے کے باوجود مسلمان متحد نہیں۔ تمہارا یہ حال ہے کہ تم مختلف فرقوں اور ذاتوں میں تقسیم ہوگئے ہو۔ان حالات میں کوئی قوم ترقی کی راہیں طے نہیں کر سکتی)

کون ہے تارک آئین رسول مختارﷺ؟

مصلحت وقت کی ہے کس کے عمل کا معیار؟

(یہ بتاؤ کہ کس نے پیغمبرِ اسلام کے دینی اصولوں کو چھوڑا ہے؟تم وقتی مصلحت کا شکا رہوکر محنت و مشقت چھوڑ چکے ہو)

کس کی آنکھوں میں سمایا ہے شعار اغیار؟

ہوگئی کس کی نگہ طرز سلف سے بیزار؟

(ذرا تم ہی بتاو کہ کس نے غیر مسلموں کے طرزِ زندگی کو اپنا رکھا ہے؟ کس کا دل اپنے بزرگوں کے طرزِ عمل سےبیزار ہو چکا ہے؟)

قلب میں سوز نہیں' روح میں احساس نہیں

کچھ بھی پیغام محمد کا تمہیں پاس نہیں

(سچ یہ ہے کہ تمہارے دلوں میں جذبہ نہیں ہے اور تمہاری روحیں احساس سے خالی ہو چکی ہیں، یہاں تک کہ تم ضور صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام بھی بھلا بیٹھے ہو)

جاکے ہوتے ہیں مساجد میں صف آرا' تو غریب

زحمت روزہ جو کرتے ہیں گوارا ، تو غریب

(تمہارا یہ حال ہے کہ مساجد کو آباد کرنے والا طبقہ صرف غریب اور نادار لوگوں کا ہے۔ یہی لوگ ہیں جو رمضان کے روزے کی مشقت گوارا کرتے ہیں۔)

نام لیتا ہے اگر کوئی ہمارا' تو غریب

پردہ رکھتا ہے اگر کوئی تمھارا' تو غریب

(اللہ کا نام لینے والے اور اللہ کے دین کا بھرم رکھنے والے صرف غریب ہی رہ گئے ہیں۔ مسلمانوں کی عزت انہی غریبوں کی وجہ سے باقی ہے)

امرا نشہ دولت میں ہیں غافل ہم سے

زندہ ہے ملت بیضا غربا کے دم سے

(مالدار لوگ اپنی دولت کے نشے میں ہم سے بالکل غافل ہیں۔ آج اگر اسلام زندہ ہے تو انہی غریب مسلمانوں کی وجہ سے)

واعظ قوم کی وہ پختہ خیالی نہ رہی

برق طبعی نہ رہی، شعلہ مقالی نہ رہی

(قوم کو جو وعظ و نصیحت کرنے والے ہیں، وہ فکری طور پر مضبوط نہیں ہیں۔ نہ ان کی طبیعتوں میں بجلی کی سی تڑپ رہی ہے، نہ گفتگو میں کوئی تاثیر رہی ہے)

رہ گئی رسم اذاں روح بلالی نہ رہی

فلسفہ رہ گیا ، تلقین غزالی نہ رہی

(اذان محض ایک رسم بن کر رہ گئی ہے، اس میں حضرت بلال کی سی روح اور جذبہ ناپید ہو گیا ہے۔ اسی طرح فلسفہ تو باقی رہ گیا لیکن امام غزالی کی طرح اس کو بیان کرنے والے باقی نہیں رہے)

مسجدیں مرثیہ خواں ہیں کہ نمازی نہ رہے

یعنی وہ صاحب اوصاف حجازی نہ رہے

(مساجد بھی اس بات کا مرثیہ پڑھ رہی ہیں کہ وہ نمازی باقی نہ رہے، جو حجازیوں جیسی صفات اور خوبیاں رکھتے تھے)

شور ہے، ہو گئے دنیا سے مسلماں نابود

ہم یہ کہتے ہیں کہ تھے بھی کہیں مسلم موجود

(دنیا میں ہر طرف شور ہے کہ مسلمان دنیا سے ختم ہوگئے۔جبکہ ہم یہ کہتے ہیں کہ کہیں حقیقی معنوں میں مسلمان موجود ہی نہیں تھے)

وضع میں تم ہو نصاری تو تمدن میں ہنود

یہ مسلماں ہیں! جنھیں دیکھ کے شرمائیں یہود

(وجہ یہ ہے کہ تم وضع قطع میں عیسائیوں کے پیروکار ہو اور رہن سہن میں ہندؤوں کے پیچھے چلتے ہو۔ سچ پوچھو تو تم ایسے مسلمان ہو جنہیں دیکھ کر یہودی بھی شرما کر رہ جائیں)

یوں تو سید بھی ہو، مرزا بھی ہو، افغان بھی ہو

تم سبھی کچھ ہو ، بتاؤ تو مسلمان بھی ہو

(اگرچہ خاندانی لحاظ سے تم میں سید بھی موجود ہیں، مرزا بھی ہیں، افغان بھی ہیں، لیکن سوال یہ ہے کیا کوئی مسلمان بھی ہے؟)

دم تقریر تھی مسلم کی صداقت بے باک

عدل اس کا تھا قوی، لوث مراعات سے پاک

(ایک وہ وقت بھی تھا جب مسلمان کی گفتگو سچائی پر مشتمل ہوتی تھی۔ مسلمانوں کا عدل و انصاف ہر قسم کے لالچ سے پاک ہوتا تھا)

شجر فطرت مسلم تھا حیا سے نم ناک

تھا شجاعت میں وہ اک ہستی فوق الادراک

(مسلمان فطری طور پر حیا والا تھا اور اس کی شجاعت و بہادری تصور سے بھی بڑھ کر تھی)

خود گدازی نم کیفیت صہبایش بود

خالی از خویش شدن صورت مینایش بود

( ’’مسلمان دوسروں کی خاطر اپنے آپ کو قربان کردیتے تھے، بالکل شراب کی اس بوتل کی طرح جسے دوسرے لوگوں میں بانٹ کر خود شراب کی بوتل خالی ہوجاتی ہے) ہر مسلماں رگ باطل کے لیے نشتر تھا

اس کے آئینۂ ہستی میں عمل جوہر تھا

(اس زمانے میں یہ صورت حال تھی کہ ہر مسلمان کفر و باطل کے سینوں میں تیر کی مانند تھا۔ مسلمانوں کے کردار میں سب سے نمایاں چیز ان کا عمل ہوتا تھا)

جو بھروسا تھا اسے قوت بازو پر تھا

ہے تمھیں موت کا ڈر، اس کو خدا کا ڈر تھا

(ان مسلمانوں کواپنے بازو کی قوت اور محنت پر بھروسا تھا، اور انہیں موت کے بجائے خدا کا ڈر تھا، جبکہ تم موت کے ڈر کی وجہ سے بزدل بن گئے ہو)

باپ کا علم نہ بیٹے کو اگر ازبر ہو

پھر پسر قابل میراث پدر کیونکر ہو

(اب تم خو د ہی یہ بتاؤ کہ اگر بیٹے میں باپ والی خوبیاں نہ ہوں تو وہ کیسے باپ جیسی شان و شوکت کا حق دار ٹھہر سکتا ہے؟)

ہر کوئی مست مے ذوق تن آسانی ہے

تم مسلماں ہو! یہ انداز مسلمانی ہے

(تم میں سے ہر کوئی عیش و آرام میں مست ہے۔ تم جو مسلمانی کے دعوے دار ہو، کیا یہ مسلمانی کا انداز ہے!؟)

حیدری فقر ہے نے دولت عثمانی ہے

تم کو اسلاف سے کیا نسبت روحانی ہے؟

(تم میں نہ حضرت علی کا سا فقر اور درویشی ہے، نہ ہی حضرت عثمان جیسی امیرانہ شان و شوکت ہے، اس صورت میں تمہیں اپنے اسلاف کے ساتھ کیا روحانی نسبت حاصل ہے!؟)

وہ زمانے میں معزز تھے مسلماں ہو کر

اور تم خوار ہوئے تارک قرآں ہو کر

(تمہارے اسلاف حقیقی مسلمان تھے تو انہوں نے زمانے میں عزت پائی۔ تم نے قرآن اور اس کی تعلیمات کو چھوڑ دیا تو زمانے میں رسوا اور ذلیل ہو رہے ہو)

تم ہو آپس میں غضب ناک، وہ آپس میں رحیم

تم خطاکار و خطابیں، وہ خطا پوش و کریم

(تم آپس میں لڑائی جھگڑے میں مصروف ہو، جبکہ تمہارے اسلاف ایک دوسرے پر مہربان تھے، تم خود بھی غلطیاں کرتے ہو اور دوسروں کی غلطیاں بھی تلاش کرتے رہتے ہو، جبکہ تمہارے بزرگ دوسروں کی خطائیں نظر انداز کرنے والے، کرم کے پیکر ہوتے تھے)

چاہتے سب ہیں کہ ہوں اوج ثریا پہ مقیم

پہلے ویسا کوئی پیدا تو کرے قلب سلیم

(یوں تو دنیا میں سب مسلمان ہی بلند مرتبوں پر فائز ہونا چاہتے ہیں، لیکن اس کے لیے جس اخلاق و کردار کی ضرورت ہے، وہ بھی تو کوئی پیدا کرے)

تخت فغفور بھی ان کا تھا، سریر کے بھی

یونہی باتیں ہیں کہ تم میں وہ حمیت ہے بھی؟

(تمہارے اسلاف نے اپنی ہمت و جراءت سے چین کا تخت بھی حاصل کیا اور ایران کے تخت پر جلوہ افروز ہوئے، جبکہ تم صرف باتیں بنانے کے عادی ہو، ان جیسی غیرت اور جراءت تم میں نہیں ہے)

خودکشی شیوہ تمھارا، وہ غیور و خود دار

تم اخوت سے گریزاں، وہ اخوت پہ نثار

(تمہارا طرزِ عمل خود کشی کے مترادف ہے، جبکہ تمہارے اسلاف غیرت مند اور خود دار تھے۔ تم لوگ ایک دوسرے سے جھگڑے کرتے ہو جبکہ پہلے مسلمان بھائی بھائی بن کر رہتے تھے)

تم ہو گفتار سراپا، وہ سراپا کردار

تم ترستے ہو کلی کو، وہ گلستاں بہ کنار

(تم محض باتونی ہو، تمہارے پاس صرف باتیں ہی ہیں، جبکہ پرانے مسلمانوں کے پاس زبردست کردار تھا، نتیجہ یہ ہے کہ تم ایک کلی کو ترستے ہو، جبکہ ان کے قبضے میں پورے باغات تھے)

اب تلک یاد ہے قوموں کو حکایت ان کی

نقش ہے صفحہ ہستی پہ صداقت ان کی

(آج تک دنیا والوں کو ان کی داستانیں یاد ہیں، بلکہ ان کے عزم اور سچائی کے نشانات تاریخ کے ہر صفحہ پر موجود ہیں)

مثل انجم افق قوم پہ روشن بھی ہوئے

بت ہندی کی محبت میں برہمن بھی ہوئے

(تمہاری حالت یہ ہے کہ اگر کچھ عرصے کے لیے افق پر ستاروں کی طرح روشن ہوئے بھی تو آخر میں ہندوستان کو وطن تصور کر کے اس کی محبت میں اتنے گرفتار ہوئے کہ اپنے مذہبی و قومی تقاضوں کو فراموش کر بیٹھے)

شوق پرواز میں مہجور نشیمن بھی ہوئے

بے عمل تھے ہی جواں ، دین سے بدظن بھی ہوئے

(مسلمانوں کا حال یہ ہے کہ اڑنے کے شوق میں ایسے اڑے کہ اپنے گھونسلے سے بھی گئے۔ مسلم نوجواں تو پہلے ہی بے عمل تھے، نئی نسل دین سے بھی دور ہو گئی)

ان کو تہذیب نے ہر بند سے آزاد کیا

لا کے کعبے سے صنم خانے میں آباد کیا

(نوجوانوں کو جدید تہذیب نے سیدھے رستے سے بھٹکایا اور بالکل آزاد ہوگئے۔ حد تو یہ ہے کہ کعبہ کو چھوڑ کر انہوں نے بت خانے کو آباد کر لیا)

قیس زحمت کش تنہائی صحرا نہ رہے

شہر کی کھائے ہوا ، بادیہ پیما نہ رہے

(قیس کی مانند عشق کا دعوی کرنے والے قیس کی طرح محنت و مشقت کے لیے تیار نہیں۔ شہر کی زندگی کو عیش و عشرت کی وجہ سے پسند کرتے ہیں، جبکہ صحرا اور گوشہ نشینی کے قریب نہیں پھٹکتے)

وہ تو دیوانہ ہے، بستی میں رہے یا نہ رہے

یہ ضروری ہے حجاب رخ لیلا نہ رہے

(کہتے ہیں کہ قیس تو دیوانہ تھا، چاہے شہر میں رہے یا صحرا میں رہے، البتہ لیلیٰ سے کوئی حجاب نہیں رہنا چاہیے)

گلہ جور نہ ہو ، شکوۂ بیداد نہ ہو

عشق آزاد ہے ، کیوں حسن بھی آزاد نہ ہو

(نہ وہ ظلم کرے اور نہ ظلم کی کوئی شکایت ہو،جب عشق ہر قسم کی پابندی سے آزاد ہے تو حسن بھی آزاد ہونا چاہیے!)

عہد نو برق ہے ، آتش زن ہر خرمن ہے

ایمن اس سے کوئی صحرا نہ کوئی گلشن ہے

(دورِ جدید تو ایسی بجلی ہے، جو ہر کھیت کو جلا کر راکھ کرسکتی ہے۔ اس بجلی سے کوئی صحرا اور کوئی باغ محفوظ نہیں ہے)

اس نئی آگ کا اقوام کہن ایندھن ہے

ملت ختم رسل شعلہ بہ پیراہن ہے

(جدیدیت ایک ایسی آگے ہے جو پرانی قوموں کو جلا کر راکھ کررہی ہے۔ اسی کی وجہ سے نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کے دامن کو آگ لگ چکی ہے)

آج بھی ہو جو براہیم کا ایماں پیدا

آگ کر سکتی ہے انداز گلستاں پیدا

(البتہ اگر آج بھی مسلمانوں میں حضرت ابراہیم ؑ جیسے پیغمبروں والاایمان و یقین پیدا ہو جائے توآج بھی یہ آگ گلِ گلزار بن سکتی ہے)

دیکھ کر رنگ چمن ہو نہ پریشاں مالی

کوکب غنچہ سے شاخیں ہیں چمکنے والی

(امتِ مسلمہ کی حالت بہت خراب ہے۔ اسے دیکھ کرپریشان نہیں ہونا چاہیے۔ اگر چہ یہ چمن اجڑا ہوا ہے، لیکن جلد اس میں بہار آنے والی ہے)

خس و خاشاک سے ہوتا ہے گلستاں خالی

گل بر انداز ہے خون شہدا کی لالی

(اب یہ چمن گھاس پھونس اور غیر ضروری اشیاء سے پاک ہونے والا ہے۔ شہداء کے لہو کی سرخی اب یہاں پھول بکھیرنے والی ہے)

رنگ گردوں کا ذرا دیکھ تو عنابی ہے

یہ نکلتے ہوئے سورج کی افق تابی ہے

(ذرا غور سے دیکھو تو آسمان کا رنگ بڑی تیزی کے ساتھ سرخ ہوتا جا رہا ہے، یہ اندھیری رات کے بعد نکلنے والے سورج کے آثار ہیں)

امتیں گلشن ہستی میں ثمر چیدہ بھی ہیں

اور محروم ثمر بھی ہیں، خزاں دیدہ بھی ہیں

(دنیا میں ایسی قومیں بھی ہیں جو اپنی جد و جہداور محنت کی وجہ سے کامیاب ہو چکی ہیں۔ جبکہ ایسی اقوام بھی موجود ہیں جو اب تک زوال کا شکار ہیں)

سینکڑوں نخل ہیں، کاہیدہ بھی، بالیدہ بھی ہیں

سینکڑوں بطن چمن میں ابھی پوشیدہ بھی ہیں

(بے شمار درخت ہیں جن میں بعض مرجھائے ہوئے اور بعض سر سبز و شاداب ہیں، جبکہ بے شمار ایسے درخت بھی ہیں، جو ابھی تک مٹی کےنیچے پوشیدہ ہیں)

نخل اسلام نمونہ ہے برومندی کا

پھل ہے یہ سینکڑوں صدیوں کی چمن بندی کا

(ان سب کے مقابلے میں اسلام کا درخت پھلنے پھولنے میں بے مثال ہے، اور کیوں نہ ہو؟ جبکہ یہ صدیوں کی کوششوں کا پھل ہے)

پاک ہے گرد وطن سے سر داماں تیرا

تو وہ یوسف ہے کہ ہر مصر ہے کنعاں تیرا

(یہ بات اطمینان کا ذریعہ ہے کہ تیرا دامن وطن کے تصور سے پاک ہے۔ توایسے یوسف کی مانند ہے کہ جس کے لیے مصر کی سر زمین بھی کنعان کی حیثیت رکھتی ہے)

قافلہ ہو نہ سکے گا کبھی ویراں تیرا

غیر یک بانگ درا کچھ نہیں ساماں تیرا

(لہٰذا تیرا قافلہ کہیں رکے بغیر منزل کی جانب رواں دواں رہے گا، اس لیے کہ تو نے اپنے آپ کو ہر قسم کے ساز و سامان سے بے نیاز رکھا ہے)

نخل شمع استی و درشعلہ دود ریشہ تو

عاقبت سوز بود سایہ اندیشہ تو

(اے مسلمان تم تو اس شمع والے پودے کی طرح ہو، جس کے اندر دھاگہ نہ ہو تو آگے نہیں جلتی۔ تم اس جلتی ہوئی آگے میں دھاگے کی طرح ہو۔ جس طرح شمع اندھیرے کو اجالے میں بدل دیتی ہے، اسی طرح اے مسلمان، تیری سوچ بھی دنیا کے حالات کو بدل دے گی)

تو نہ مٹ جائے گا ایران کے مٹ جانے سے

نشہ مے کو تعلق نہیں پیمانے سے

(اگر ایران کی سلطنت ختم ہو گئی تو اس سے اسلام ہرگز ختم نہیں ہوگا۔ جس طرح پیالہ ٹوٹ جانے سے نشہ نہیں ختم ہوتا، کیونکہ نشہ کا تعلق توشراب سے ہوتا ہے)

ہے عیاں یورش تاتار کے افسانے سے

پاسباں مل گئے کعبے کو صنم خانے سے

(تاتاریوں کے حملے سے بھی یہ حقیقت خوب واضح ہو جاتی ہے کہ اگرچہ مسلمانوں کے ملک تباہ ہوجائیں مگر اسلام نہیں مٹ سکتا۔ آخر کار یہی تاتاری خود اسلام کے علم براد بن گئے)

کشتی حق کا زمانے میں سہارا تو ہے

عصر نو رات ہے، دھندلا سا ستارا تو ہے

(دنیا میں حق اور سچ مسلمان کی وجہ سے ہی زندہ ہے۔ یہ نیادور اندھیری رات کی طرح ہے، اس میں مسلمان ہی ستارے کی طرح جگمگا رہا ہے)

ہے جو ہنگامہ بپا یورش بلغاری کا

غافلوں کے لیے پیغام ہے بیداری کا

(ترکی پر بلغاریہ نے حملہ کیا ہے۔ یہ حملہ اصل میں مسلمانوں کو بیدار کرنے کے لیے اللہ کی طرف سے پیغام ہے)

تو سمجھتا ہے یہ ساماں ہے دل آزاری کا

امتحاں ہے ترے ایثار کا، خود داری کا

(تمہارا خیال ہے کہ یہ حملہ مسلمانوں کے دل دکھانے کی وجہ بنا ہے۔ایسا نہیں ہے۔ یہ تو تمہارے ایثار اور خودداری کا امتحان ہے)

کیوں ہراساں ہے صہیل فرس اعدا سے

نور حق بجھ نہ سکے گا نفس اعدا سے

(نہ جانے تم دشمنوں کے گھوڑوں کی ہنہناہٹ سے خوف زدہ کیوں ہو رہے ہو۔ حالانکہ حق کاچراغ دشمنوں کی پھونکوں سے نہیں بجھ سکے گا)

چشم اقوام سے مخفی ہے حقیقت تیری

ہے ابھی محفل ہستی کو ضرورت تیری

(اللہ تعالی مسلمان سے کہتے ہیں کہ اے مسلمان!دنیا کی وہ قومیں جو تجھے مٹانا چاہتی ہیں، اس حقیقت کو نہیں جانتیں کہ ابھی دنیا کو تیری ضرورت باقی ہے)

زندہ رکھتی ہے زمانے کو حرارت تیری

کوکب قسمت امکاں ہے خلافت تیری

(اے مسلمان، تیری جدوجہد سے ہی دنیا زندہ ہے۔ اے مسلمان تو اللہ کا نائب ہے اور اس دنیا کی قسمت کا ستارہ تو ہی ہے)

وقت فرصت ہے کہاں، کام ابھی باقی ہے

نور توحید کا اتمام ابھی باقی ہے

(اے مسلماں اٹھو!فرصت کا وقت نہیں ہے، ابھی بہت سے کام باقی ہیں۔ توحید کو عام کرنے کا کام باقی ہے۔ توحید کے نور سے دنیا کو روشن کردے)

مثل بو قید ہے غنچے میں، پریشاں ہوجا

رخت بردوش ہوائے چمنستاں ہوجا

(تیری مثال اس خوشبو کی مانند ہےجو پھول میں بند ہے،تیرے لیے لازم ہے کہ اس قید سے آزاد ہو کر گلستاں کی ہوا کے کاندھے پر سوار ہو کر ساری دنیا میں پھیل جا)

ہے تنک مایہ تو ذرے سے بیاباں ہوجا

نغمہ موج سے ہنگامۂ طوفاں ہوجا

(اگر تو بے سر و سامان ہے تو ایسی صلاحیت پیدا کر کہ ذرے سے بیاباںمیں تبدیل ہو جا اور اگر دریا کی موج کی طرح ہے تو طوفان کے ہنگامے کی شکل اختیار کر لے)

قوت عشق سے ہر پست کو بالا کر دے

دہر میں اسم محمدﷺ سے اجالا کر دے

(تجھ میں جو اللہ کے عشق کی قوت موجود ہے، اس کے ذریعے دنیا کی ہر چیز کو بلند کر دے ۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے نام کی روشنی سے دنیا کے اندھیرے کو اجالے میں بدل دے)

ہو نہ یہ پھول تو بلبل کا ترنم بھی نہ ہو

چمن دہر میں کلیوں کا تبسم بھی نہ ہو

(اگر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے نام کا پھول نہ ہو تو بلبل کے نغمےبھی ختم ہو جائیں۔ دنیا کے باغ میں کلیاں بھی نہ کھلیں)

یہ نہ ساقی ہو تو پھرمے بھی نہ ہو، خم بھی نہ ہو

بزم توحید بھی دنیا میں نہ ہو، تم بھی نہ ہو

(اگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اللہ سے محبت کی شراب نہ پلائیں تو نہ شراب رہے، نہ مٹکے رہیں۔ نہ توحید کی محفل رہے اور نہ ہی دنیا میں تم باقی رہو)

خیمہ افلاک کا استادہ اسی نام سے ہے

نبض ہستی تپش آمادہ اسی نام سے ہے

(آسمان حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے نام سے قائم ہے۔ دنیا کی نبض اسی نام کی برکت سے ہی چل رہی ہے)

دشت میں، دامن کہسار میں، میدان میں ہے

بحر میں،موج کی آغوش میں، طوفان میں ہے

(حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا نام نامی جنگلوں، پہاڑوں، میدانوں، دریاؤں، سمندروں، ہر جگہ لوگوں کی زبان پر ہے)

چین کے شہر، مراقش کے بیابان میں ہے

اور پوشیدہ مسلمان کے ایمان میں ہے

(یہاں تک کہ چین کے شہروں اور مراکش کے بیابانوں میں بھی ہے اور سب سے بڑھ کر یہ ہر ایک مسلمان کے دل میں بھی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا نام ہی چھپا ہوا ہے)

چشم اقوام یہ نظارہ ابد تک دیکھے

رفعت شان”رفعنالک ذکرک“ دیکھے

(اور ان شاء اللہ! صلی اللہ علیہ وسلم کا نام قیامت تک اسی طرح بلند رہے گا،دنیا بھر کی قومیں بلندی کا یہ نظارہ دیکھیں گی، کیونکہ خود اللہ تعالیٰ نے واضح فرمایا ہے کہ اے رسول! ہم نے آپ کا نام ساری دنیا میں بلند کر دیا ہے)

مردم چشم زمیں یعنی وہ کالی دنیا

وہ تمہارے شہدا پالنے والی دنیا

(افریقا کی زمیں جسے ”کالی دنیا“ کے نام سے تعبیر کیا جاتا ہے،اس خطہ پر بے شمار شہدائے اسلام کی پرورش ہوئی ہے)

گرمی مہر کی پروردہ ہلالی دنیا

عشق والے جسے کہتے ہیں بلالی دنیا

(یہ سورج کی تپش سے پرورش پانے والی زمین یعنی افریقہ کو کچھ لوگ چاند والی سرزمیں کہتے ہیں اوراسی سرزمین کو اہلِ عشق حضرت بلال حبشی سے بھی منسوب کرتے ہیں کیونکہ وہ حبشہ کے باشندے تھے)

تپش اندوز ہے اس نام سے پارے کی طرح

غوطہ زن نور میں ہے آنکھ کے تارے کی طرح

(حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے نام کی ہی برکت ہے کہ توحید کی آگ افریقہ میں پھیلی ہوئی ہے۔ اسی نام کی برکت سے آج اس زمیں پر اسلام پھیلا ہوا ہے)

عقل ہے تیری سپر، عشق ہے شمشیر تری

مرے درویش! خلافت ہے جہاں گیر تری

(اے مسلمان! عقل تیرے لیے ڈھال کی حیثیت رکھتی ہے اور تیرا عشق تلوار ہے۔ اے میرے درویش! تجھے اللہ نے پوری دنیا کے لیے اپنا خلیفہ اور نائب بنایا ہے)

ماسوی اللہ کے لیے آگ ہے تکبیر تری

تو مسلماں ہو تو تقدیر ہے تدبیر تری

(جب تم نعرہ تکبیر بلند کرتے ہو تو اللہ کے علاوہ سارے نقلی خدا جل کر راکھ ہوجاتے ہیں۔ اگر تیرا عقیدہ پختہ ہوجائے تو تیری ہر کوشش کے ساتھ اللہ کی مرضی شامل ہوجائے گی)

کی محمد ﷺ سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں

یہ جہاں چیز ہے کیا، لوح و قلم تیرے ہیں

(اگر تو نے میرے پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے وفا کی اور ان کی تعلیمات کو اپنا شعار بنایا تو جان لے کہ ہم تیرے ہی ہیں اور یہ دنیا تو الگ رہی، لوح و قلم بھی تیرے ہوں گے۔)

کالم نگار : مفتی عبدالمنعم فائز
| | |
150     1