لفظ "عبادت" عربی کا ہے جس کو فارسی میں "بندگی" اور اردو میں "غلامی" کہتے ہیں۔ اور اسے ادا کرنے والا انسان عربی میں "عبد" فارسی میں "بندہ" اور اردو میں "غلام" کہلاتا ہے۔ جب ہم کسی کو نوکر کے طور پر کام دیتے ہیں تو اس کے ذمے وہی کام ہوتا ہے، مثال کے طور پر اگر کسی کو کپڑے دھونے کے لیے رکھا جائے تو اس کی ذمہ داری فقط کپڑے دھونا ہے۔ کپڑے استری کرنے اور صفائی کرنے کا وہ پابند نہیں ہے اور وہ انکار کرنے کا اہل ہے۔ مگر غلام کو جو کام بھی دیا جاتا ہے، وہ اسے کرنے کا پابند ہوتا ہے اور اس سے انکار نہیں کر سکتا ہے۔
بالکل اسی طرح اللہ رب العزت نے ہمیں مخصوص کاموں کا حکم نہیں دیا اور نہ ہی ان کے لیے پیدا فرمایا۔ بلکہ ارشاد ربانی ہے:
ترجمہ: میں نے جن اور انسانوں کو فقط اس لیے پیدا کیا کہ وہ میری عبادت کریں۔
(سورہ الزاریات: 56)
اصول فقہ پڑھنے پڑھانے والے جانتے ہیں کہ یہاں عبادت کا مفہوم عام ہے خاص نہیں۔ یعنی مخصوص اوقات اور اعمال نہیں بلکہ ہر وقت اور عمل مراد ہے۔ لہذا اس غلط فہمی کے ازالے کی اشد ضرورت ہے کہ اگر پانچ اوقات کی نماز، رمضان المبارک کے روزے ایک سال بعد زکوۃ اور زندگی میں ایک مرتبہ بیت اللہ شریف کا حج ادا کر لیا جائے، تو اسلام اور اللہ تعالی کی عبادت کے تمام تقاضے ادا ہو گئے۔ اسلام میں سیاسی، معاشی، معاشرتی امور وغیرہ کا دین سے کیا تعلق ہے؟ اس نظریے کی درستگی کی بھی اشد ضرورت ہے۔ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو زندگی کے تمام شعبوں سے وابستہ تمام معاملات کی رہنمائی فرماتا ہے۔ اور مسلمان کا ہر عمل عبادت ہے۔
اگر ایک حاکم ریاست و حکومت کے معاملات اسلامی نظام کے مطابق انجام دیتا ہے، تو یہ عبادت ہے۔ اگر چیف آف آرمی اسٹاف اسلامی تعلیمات کے مطابق سپہ سالاری کے فرائض انجام دیتا ہے، تو یہ عبادت ہے۔ اگر چیف جسٹس اسلامی قضاء کی تعلیمات کے مطابق فیصلہ کرتا ہے، تو یہ عبادت ہے۔ اگر تاجر اسلامی تجارتی اصولوں کے مطابق تجارت کرتا ہے، تو یہ عبادت ہے۔ اگر نکاح، وراثت، گھریلو معاملات اسلامی عائلی نظام کے مطابق انجام دیے جائیں، تو یہ عبادت ہے۔ غرض زندگی کے تمام امور کی انجام دہی اسلامی تعلیمات کے مطابق ہونا عبادت ہے۔ علاوہ ازیں اس حقیقت کو سمجھنے کی اشد ضرورت ہے کہ نماز روزہ وغیرہ کا تو مقصد ہی یہ ہے کہ اپنی شخصیت و کردار، زندگی و معاملات کو نکھارا اور اسلامی تعلیمات کے سانچے میں ڈھالا جائے۔
ایک موقع پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا گیا کہ فلاں شخص نمازیں بھی پڑھتا ہے اور چوریاں بھی کرتا ہے، تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس کی نماز اس کو ٹھیک کر دے گی یہ نہیں فرمایا کہ بس نماز پڑھتا ہے تو اس نے دین کا حق ادا کر دیا۔ بلکہ حلال روزی حاصل کرنے کے جذبے کی بیداری کا ذریعہ نماز کو قرار دیا۔ اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "جو شخص روزہ رکھ کر غیبت، گالم گلوچ، عیب جوئی، وغیرہ نہ چھوڑے تو اللہ تعالی کو کوئی پرواہ نہیں کہ وہ بھوکا رہے یا نہیں"۔ (صحیح بخاری)
یعنی روزے کا بنیادی مقصد اخلاق و کردار کی تصحیح ہے۔
انبیاء کرام علیہم السلام، صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین، اولیاء کرام وغیرہ فقط نماز، روزے سے نہیں، بلکہ مکمل کردار، اخلاق اور زندگی کو اللہ رب العزت کی تعلیمات کا عملی مثالی نمونہ بنا کر عظیم المرتبت ہوئے۔