(+92) 319 4080233
کالم نگار

مفتی فداء الرحمن سیال(ناظم مرکزی مجلسِ شوریٰ، علماء کونسل، بالاکوٹ)

مفتی فداء الرحمن سیال(ناظم مرکزی مجلسِ شوریٰ، علماء کونسل، بالاکوٹ)

پروفائل | تمام کالمز
2026/11/08
موضوعات
رہے شاد و آباد یہ مسجد
دار العلوم بھیر کنڈ میں ہم زیرِ تعلیم تھے۔ 1995ء میں فورڈ بسوں کے ذریعے ہمیں اسلام آباد کی سیر و تفریح کے لیے لایا گیا۔ ہم نے تین مقامات دیکھے: فاطمہ باغ (پارک)، چڑیا گھر اور آخر میں شاہ فیصل مسجد۔

ہم چھوٹے تھے، مگر اس قابل تھے کہ منظر ذہن نشین کر سکیں۔اس وقت کی شاہ فیصل مسجد اور آج 31 سال بعد کی شاہ فیصل مسجد!

اس وقت ہم اسکول کے طالب علم تھے اور بچے تھے۔ آج ہم تدریس سے منسلک ہیں اور بڑے ہو گئے ہیں۔

اس وقت شاہ فیصل مسجد میں اس قدر ازدحام نہ تھا۔ مسجد کے ایک طرف کھلی جگہ میں ہمیں کچھ لوگ فٹ بال کھیلتے نظر آئے۔ عصر کا وقت ہوا، اذان ہوتے ہی کھیل چھوڑ کر وہ لوگ نماز کے لیے چلے گئے۔ ہم نے بھی شاہ فیصل مسجد میں نماز ادا کی اور مکمل مسجد دیکھی۔ ہمارے استادِ محترم سید افتخار حسین شیرازی صاحب نے ہمیں گنبد پر لگا چاند دکھایا، جو زرد رنگ کا تھا، اور کہا: یہ سونے کا ہے اور یہ مسجد سعودیہ کے فرمانروا شاہ فیصل نے تعمیر کروائی ہے۔ میناروں پر لگے چاند بھی دکھائے۔

میرے محسن و محبوب بھائی حضرت مولانا سعید الرحمن صاحب رحمہ اللہ ساتھ تھے۔ ہم خوب خوش ہوئے۔

آج 31 سال بعد شاہ فیصل مسجد آمد ہوئی۔ سیڑھیوں سے اوپر نہ جا سکے۔ کچھ محبوب کی یاد اور کچھ اپنی علالت۔ اور ظہر کا وقت، لوگوں کا ازدحام، اور اذان کے بعد بے غم پھرتے بوڑھے اور نوجوان اور بے پردہ خواتین اور بچے، دل مغموم ہو گیا۔

شاہ فیصل مسجد کے گنبد پر لگا چاند اور میناروں پر لگے چاند اپنی بے رونقی کا شکوہ کر رہے تھے۔ ان کا رنگ پھیکا پڑ گیا ہے اور گویا کہہ رہے ہوں: فداء! 31 سال پہلے کی رونق زمانہ ساتھ لے گیا، جیسے تیرا محبوب بھائی چلا گیا اور تیری صحت چلی گئی۔ 31 سال پہلے تیرے دوست تجھے ساتھ لیے گھومے اور آج تو اکیلا سیڑھیوں سے نیچے بیٹھا اپنے دوستوں کا انتظار کر رہا ہے۔

ہاں، وقت گزر گیا، سب کچھ قصۂ ماضی بن گیا۔یاد رکھ! ہر چیز کو فنا ہے، بقا ایک اللہ تعالیٰ کی ذات کو ہے۔آخر میں شاہ فیصل مسجد اور اس کے گنبد اور میناروں پر لگے پھیکے چاندوں کو حسرت بھرا سلام۔ رہے شاد و آباد یہ مسجد!

کالم نگار : مفتی فداء الرحمن سیال(ناظم مرکزی مجلسِ شوریٰ، علماء کونسل، بالاکوٹ)
| | |
6