اگر آپ واقعی چاہتے ہیں کہ علم میں رسوخ، عمل میں استقامت اور مختلف مفید فنون میں مہارت حاصل ہو تو زندگی کا ایک سال اس عظیم مقصد کے لیے خالص کر لیجیے۔ یاد رکھیے کہ سست رفتار یافضول کتب کا مطالعہ اور بے سمت محنت سے منزل نہیں ملتی، منزل اسی کو ملتی ہے جو منظم، با مقصد اور مسلسل جدوجہد کا عادی ہو۔
اس مقصد کے لیے چند بنیادی اصول پیش خدمت ہیں:
1. صحیح رہنمائی کا انتخاب:
سب سے پہلے کسی ایسے جامع الصفات عالم، محقق اور صاحبِ بصیرت استاد کا انتخاب کیجیے جس کے علم، تحقیق، تقویٰ اور فہم پر آپ کو کامل اعتماد ہو اور جس سے بھرپور علمی استفادے کی امید ہو۔ اسی ماہرِ فن کی مشاورت سے اپنے مطالعے کا درجہ بدرجہ نصاب، ترجیحات اور لائحۂ عمل طے کیجیے۔ یاد رکھیے، ماہر استاد کی نگرانی اور رہنمائی کے بغیر مطالعہ نہ جاندار ہوتا ہے، نہ شاندار، نہ علی وجہ البصیرت اور نہ ہی دیرپا مفید۔
2. مطالعے میں یک سوئی اور گہرائی:
مطالعے میں انتشار کو ختم کر کے یکسوئی پیدا کیجیے اور پورا ایک سال مستقل مزاجی، انہماک اور عزم کے ساتھ مطالعہ کیجیے۔ محض کتابوں کے اوراق پلٹنے پر اکتفا نہ کیجیے، بلکہ عبارات کے مغز تک پہنچیے، مباحث کو سمجھ کر ہضم کیجیے، اہم علمی نکات کو اپنی ڈائری میں قلم بند کیجیے، پیش آمدہ اشکالات کو نوٹ کر کے اپنے رہنما سے حل کروائیے اور حاصل شدہ علم کو دوسروں کے سامنے تقریر و تحریر کی صورت میں پیش کرنے کی مشق ضرور کیجیے۔ کیونکہ علم بیان کرنے سے پختہ ہوتا ہے۔
3. اصلاحِ باطن اور تزکیۂ نفس:
ظاہری علم کے ساتھ باطنی اصلاح کو لازم سمجھیے۔ کسی معتبر، صاحبِ نسبت، متبعِ سنت بزرگ سے اپنے مزاج اور حالات کے مطابق معمولات، اذکار، اور اصلاحِ نفس کا طریقہ لیجیے اور اسے نفل نہیں بلکہ فرضِ منصبی سمجھ کر ان کی نگرانی میں پابندی سے جاری رکھیے۔ علم بغیر عمل کے وبال اور عمل بغیر اخلاص کے بے ثمر ہے۔
4. سوشل میڈیا اور ضیاعِ وقت سے اجتناب:
غیر ضروری مصروفیات، بے مقصد اسکرولنگ، لایعنی تبصروں اور وقت کو نگلنے والی سرگرمیوں سے مکمل کنارہ کشی اختیار کیجیے۔ اپنا اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ صرف علمی ضرورت کے بقدر استعمال کیجیے۔ اپنی تمام تر توجہ علم، مطالعہ، عبادت اور عملی تربیت پر مرکوز رکھیں۔ جو وقت کی حفاظت کرتا ہے، وقت اسے بڑا بنا دیتا ہے۔
5. میل جول میں اعتدال:
یاد رکھیے، دوست احباب سے تعلق ختم کرنا مقصود نہیں، مقصود وقت کی حفاظت ہے۔ صلہ رحمی، حقوق العباد اور ضروری سماجی ذمہ داریوں کو پورا رکھتے ہوئے غیر ضروری ملاقاتوں، طویل بیٹھکوں اور لایعنی مجلسوں کو محدود کر دیجیے۔ خلوت، علم کا سرمایہ ہے۔
6. منظم روزانہ کا معمول:
اپنی زندگی کو بے ترتیبی سے نکال کر ایک مضبوط معمول میں ڈھال دیجیے۔ مطالعے، تکرار، تحریر و تصنیف، عبادت، ذکر و فکر اور جسمانی آرام کے لیے مناسب اوقات متعین کیجیے اور حتی الامکان سختی سے ان کی پابندی کیجیے۔ بے معمول زندگی کبھی بامراد نہیں ہوتی۔
7. مسلسل محاسبہ اور جائزہ:
ہر ہفتے اپنا محاسبہ کیجیے کہ اس ہفتے کیا پڑھا؟ کتنا سمجھا؟ کن مسائل میں تشنگی باقی ہے؟ اور میرے عمل، اخلاق اور کردار میں کیا بہتری آئی؟ محاسبہ ہی ترقی کی کنجی ہے۔
8. رپورٹ اور راہنمائی کا تسلسل:
ہر روز، یا کم از کم ہر تین روز بعد یا ہفتہ وار اپنے حاصلِ مطالعہ کی رپورٹ اپنے ماہرِ فن استاد کو پیش کیجیے، ان سے اصلاح لیجیے اور آئندہ کی رہنمائی حاصل کیجیے۔ یہی رابطہ آپ کو بھٹکنے سے بچائے گا۔
ایک اہم بات :چونکہ لغت، تاریخ، سیرتِ طیبہ، جغرافیہ اور عصرِ حاضر کے بنیادی علوم ہمارے درسِ نظامی کا باقاعدہ حصہ نہیں ہیں، اس لیے ایک سالہ عرصے میں ان فنون کا مطالعہ بھی اپنے نصاب میں ضرور شامل کیجیے۔ فقیہ وہی ہے جو اپنے زمانے کو پہچانتا ہو، اور لغت و تاریخ کے بغیر نصوص کا صحیح فہم ممکن نہیں۔
حرفِ آخر:یاد رکھیے! علم میں رسوخ محض نیک خواہش یا وقتی جوش سے حاصل نہیں ہوتا، بلکہ یہ اخلاصِ نیت، صحیح رہنمائی، مسلسل محنت، صبرِ جمیل اور وقت کی قدر دانی سے حاصل ہوتا ہے۔ اگر آپ نے ایک سال سنجیدگی، استقامت اور درست منہج کے ساتھ گزار لیا تو یہی ایک سال آپ کی پوری علمی زندگی کا رخ بدل دے گا۔ ان شاء اللہ۔مزید تفصیلی اور شخصی نصائح اپنے مصلح و مرشد اور علمی رہنما سے حاصل کرتے رہیے، کیونکہ ہر شخص کے حالات، استعداد، صلاحیتیں اور علمی ضروریات جداگانہ ہوتی ہیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں علمِ نافع، عملِ صالح، اخلاصِ کامل مطالعہ کا ذوق وشوق اور استقامتِ دائمہ نصیب فرمائے۔ آمین یارب العالمین!