آپ کل کو میرا گھر، میری گاڑی، میری ساری پراپرٹی بھی فی سبیل اللہ چاہیں گے۔ مجھے آپ کو وہ بھی دینی پڑے گی، کیونکہ آپ کے نزدیک اچھے ہونے کا معیار خود تباہ و برباد ہو کر سب کچھ آپ کے نام کر دینے کا ہے، نا؟ میری فیسز بھی، میرے سوشل ورک پر لگنے والے پیسے بھی، دیگر ضروریات بھی حکومت پوری کر رہی ہے، نا؟ میں بالکل اخراجات سے آزاد ہوں، اس لیے مجھے اپنا وقت فی سبیل اللہ خرچ کرنا چاہیے۔ کہیں آنے جانے کے لیے جو سواری میں استعمال کرتی ہوں، اس کا پیٹرول حکومت مفت دیتی ہے، نا؟ مجھے اگر پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنی ہو تو مجھے موبائل پر نوٹیفکیشن آ جاتا ہے، نا، کہ آپ کو گھر سے پک کرکے دوسرے شہر میں چھوڑ دیں گے، آپ کو کرایہ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ گروسری اسٹور والے کہتے ہیں، حکومت نے آپ کو فری کاؤنسلنگ کے لیے ڈسکاؤنٹ دلواتے ہوئے ساری پیمنٹ کر دی ہے، آپ سب کچھ مفت خریدیں اور گھر جا کر لوگوں کے مفت مسائل سنیں۔ کپڑوں کے برانڈز پر جو ڈسکاؤنٹ لگا ہوتا ہے، وہ اس ڈسکاؤنٹ سے بھی زیادہ پیسے پارسل میں پیک کرکے بھیج دیتے ہیں کہ آپ کے کپڑوں کا خرچہ حکومت نے اٹھا لیا ہے، آپ کو کپڑوں کی خریداری پر انعام بھی دیا ہے، اس لیے آپ فری مسائل سنیں۔ سوشل ورک میں جتنے بھی پراجیکٹس ہوتے ہیں، سب کی پیمنٹ حکومت کے دیے ہوئے اے ٹی ایم کارڈ سے ہوتی ہے، نا؟ اس لیے مجھے سب کو مفت سننا چاہیے۔ کتنی بری ہوں، نا میں! حکومت کو مفت لوٹ رہی ہوں، اتنی عیاشی کر رہی ہوں، اور پیسے لے کر لوگوں کو سنتی ہوں تو کتنی بری ہوں، نا؟ میری نانی چار بیٹوں کی کمائی پر تھیں، سارا دن تسبیح کرتی، خواتین کے مسائل سنتی اور حل کرتی تھیں۔ آنے جانے کی، پوتوں نواسوں کی ذمہ داریاں تھیں۔ امی کتنی اچھی تھیں، نا! لوگوں کے مسائل سنتی تھیں، دس مردوں کے برابر کمانے والا شوہر، ہتھیلی کا چھالا بنا کر رکھنے والے شوہر کے ساتھ بچوں کو پالنے میں بڑی بیٹی، بہن، بھتیجیوں اور بھانجیوں کی سپورٹ کے ساتھ وہ لوگوں کے مفت مسائل سنا کرتی تھیں، حل کیا کرتی تھیں۔ ایک میں ہوں، بری لڑکی، جو پیسے لے کر کاؤنسلنگ کرتی ہوں اور اس کاؤنسلنگ سے اتنا کما لیا ہے کہ نواز شریف کے فلیٹس کے سامنے بالکل میں نے بھی فلیٹ لے لیے ہیں، مریم نواز کے جہاز سے مہنگے چار عدد جہاز خرید لیے ہیں، اس کی بیٹی نکاح پر مہنگی جیولری پہنتی ہے، میں نے کاؤنسلنگ سیشنز کے وقت مہنگی جیولری پہننے کے لیے خرید لی ہے۔ ہمت ہے آپ کی! اس بری لڑکی کو آپ نے فرینڈ لسٹ میں جگہ دی ہے اور فالو کیا ہے۔ اللہ آپ کے لیے آسانیاں کرے، ورنہ ایسی لڑکی کو تو آپ کو اب تک قبر میں اتار دینا چاہیے تھا۔ ???? ابھی بھی دیر نہیں ہوئی، مجھے جلد سفرِ آخرت پر روانہ کر دیں۔خیر ہوگی، ان شاء اللہ!
کالم نگار : کرن سلطان ڈھلوں