(+92) 319 4080233
کالم نگار

رؤف کلاسرا

رؤف کلاسرا

پروفائل | تمام کالمز
2026/09/05
موضوعات
اتنا کماؤ کہ رات کو سکون سے سو سکو
"مہد اکثر رات کو میرے ساتھ بیٹھتا ہے۔ بے شک ہم باپ بیٹا خاموشی سے اپنے اپنے کام میں لگے رہیں لیکن ایک دوسرے کی موجودگی سے لطف اندوز ہوتے رہتے ہیں۔ کبھی کبھار وہ باپ کو خوش کرنے کے لیے کلاسک شارٹ اسٹوریز کی کتاب سے اونچی آواز میں پڑھ کر بھی سناتا ہے۔

کبھی کبھار وہ میری کلاس بھی لیتا ہے کہ میں Rauf Klasra Unfiltered کی نئی ویڈیوز کیوں نہیں بنا رہا۔ یہ اس کا آئیڈیا تھا جو کامیاب رہا بلکہ کچھ ویڈیوز تو دس بیس لاکھ تک بھی دیکھی گئیں۔ دو تین منٹ کی ان ویڈیوز میں کچھ اپنے ذاتی تجربات شیئر کیے تھے۔ کچھ والدین کو مشورے دیے تھے کہ بچے یونیورسٹی سے پڑھ کر آئیں تو فوراً ڈنڈے اٹھا کر ان کے پیچھے نہ پڑ جائیں۔ نوکریاں فوراً نہیں ملتیں۔ بچے کو اس وقت سپورٹ دیں۔ وہ کلپ بہت وائرل ہوا اور مہد کے دوست بڑے خوش ہوئے اور اپنے اپنے والدین کو وہ کلپ دکھایا۔

خیر میری سستی پر وہ کڑھتا رہتا ہے کہ ڈیجیٹل دنیا بدل رہی ہے تو مجھے بھی بدلنا چاہیے۔

خیر کل پرسوں رات گئے گپ لگ رہی تھی تو اس نے بتایا کہ اسلام آباد کے ایک مشہور کیفے برگر برانڈ کو ڈیجیٹل میڈیا کے حوالے سے کچھ کام کر کے دیا ہے، جو انہیں بہت پسند آیا اور سوشل میڈیا پر ان کی موجودگی نمایاں ہو گئی۔

مجھے کہنے لگا، بابا کتنے پیسے چارج کرنے چاہئیں؟

میں نے کہا دوست ہے تو بالکل چارج نہیں کرنا۔ اگر جان پہچان والا ہے تو کم چارج کرنا۔ اگر ناواقف ہے تو اتنا چارج کرو جتنا تم اگر خود کیفے مالک کے طور پر کسی سے یہی کام کراتے تو کتنی ادائیگی تمہیں مناسب لگتی۔ میں نے کہا مہد ایک بات یاد رکھنا، اتنا پیسہ نہیں کمانا کہ تمہیں سب کچھ بھول کر یہ فکر دن رات سونے نہ دے کہ اس پیسے کو اب کہاں رکھوں، کہاں چھپاؤں، ٹیکس کیسے بچاؤں۔ اتنی دولت نہیں چاہیے جو رات کو آپ کو سونے نہ دے۔ بس اتنا کمانا کہ عزت اور سکون سے رہ سکو۔ پیسے پر عزت کو ترجیح دینا۔ بس اتنا کماؤ کہ رات کو سکون سے سو سکو۔ اگر رات کو نیند کی گولیاں لیے بغیر نیند آ جاتی ہے تو یقین کریں آپ نے ایک کامیاب اور خوبصورت زندگی گزاری ہے۔ پرسکون نیند سے بڑی دولت اور بڑی کمائی اور کوئی نہیں ہو سکتی۔"

کالم نگار : رؤف کلاسرا
| | |
42