(+92) 319 4080233
کالم نگار

عبدالجبار سلفی، لاہور

عبدالجبار سلفی، لاہور

پروفائل | تمام کالمز
2026/07/26
موضوعات
صلوٰة المسلم—ایک قابلِ قدر علمی کتاب
گزشتہ دنوں ہری پور ہزارہ سے ایک نہایت وقیع، عظیم المرتبت اور علمی شاہکار *صلوٰة المسلم* منظرِ عام پر آیا ہے، جس کے مرتب و محقق جناب مولانا محمد رحمت اللہ ہیں۔ فاضل موصوف نے کمال محنت، جستجو، عرق ریزی اور علمی دیانت کے ساتھ اس عظیم تصنیف کو وجود بخشا ہے۔ اس کتاب میں طہارت سے لے کر نماز کے فرائض، واجبات، سنن، مستحبات، مکروہات اور مفسدات تک تقریباً تمام مسائل کو صحیح احادیث اور معتبر روایات کی روشنی میں نہایت مدلل انداز سے پیش کیا گیا ہے۔ یوں ایک مرتبہ پھر حنفی مکتبِ فکر کی جانب سے یہ مضبوط حجت قائم کر دی گئی ہے کہ الحمدللہ ہماری نماز محض روایتی عمل نہیں بلکہ اس کا ایک ایک رکن، ایک ایک عمل اور ایک ایک ہیئت سنتِ نبوی ﷺ کے روشن دلائل سے مزین ہے، اور اسے آوارہ قہقہوں یا سطحی اعتراضات کے ذریعے مجروح کرنے کی کوششیں ہمیشہ کی طرح بے بنیاد اور بے ثبات ثابت ہوں گی۔

کبھی کبھی خاک دانِ ارضی پر ایسی کتابیں بھی منصۂ شہود پر آتی ہیں جو محض چند اوراق کا مجموعہ نہیں ہوتیں بلکہ ایک عہد کی علمی جدوجہد، فکری پختگی اور دینی بصیرت کا جمالِ جہاں افروز بن جاتی ہیں۔ *صلوٰة المسلم* بھی انہی سعادت مند تصنیفات میں سے ایک ہے جس کی اشاعت اہلِ علم کے لیے ایک خوش آئند مژدہ ہے۔ ایسے دور میں جب بعض حلقے اپنی علمی برتری کے گھمنڈ میں شائستگی کو لتاڑنا اپنا شعار بنا چکے ہیں، یہ کتاب خاموش مگر نہایت مؤثر استدلال کے ساتھ یہ ثابت کرتی ہے کہ حقائق شور و غوغا سے نہیں بلکہ دلیل اور تحقیق سے زندہ رہتے ہیں۔

مولانا محمد رحمت اللہ نے نماز کے مسائل کو جس بہ احسن طریق سے قرآن و سنت کے سانچے میں ڈھال کر پیش کیا ہے، وہ ان کی غیر معمولی محنت، وسعتِ مطالعہ اور دیانتِ علمی کا روشن ثبوت ہے۔ یہ تصنیف محض فقہی مسائل کی ترتیب نہیں بلکہ علم و آگاہی کی وسعتیں وا کرنے والی ایک ایسی تحقیقی کاوش ہے جو قاری کو دلیل کے ذوق سے آشنا کرتی ہے۔ یہی دراصل شیوۂ اہلِ عزیمت ہے کہ انسان تعصب کے بجائے تحقیق کو اپنا رہنما بنائے۔

زمانہ حاضر میں جب بعض لوگ نماز جیسے مقدس ترین عمل کو طنز و تمسخر کا نشانہ بنا کر گویا اپنی فکری خستہ حالی کا اظہار کرتے ہیں، *صلوٰة المسلم* ان تمام بے بنیاد اعتراضات کے مقابلے میں ایسا مضبوط علمی قلعہ تعمیر کرتی ہے کہ اگر معترضین انصاف کی نگاہ سے اس کا مطالعہ کریں تو ان کے اوہامِ فاسدہ کا بطلان خود ان پر آشکار ہو جائے اور صداقت کا سورج جلوہ گر دکھائی دینے لگے۔ اس کے بعد محض جذباتی اعتراضات کی حیثیت ایسے بےجان مجسموں سے زیادہ باقی نہیں رہتی جن میں نہ حرکت ہوتی ہے اور نہ تاثیر۔

مصنف نے صرف مسائل جمع نہیں کیے بلکہ دلائل کی ایسی تخم ریزی کی ہے جس سے آنے والی نسلوں میں تحقیق، اعتدال اور سنت سے وابستگی کے نئے ذوق جنم لیں گے۔ یہ کتاب ان علمی درخشانیوں اور تابانیوں سے جہاں روشن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جن کی آج امت کو شدید ضرورت ہے۔ اگر یہی اسلوب عام ہو جائے تو اختلافات کی شدت کم ہو اور ذہنوں کی تنگ دامانی کشادہ فکری میں بدل جائے۔

یہ کہنا مبالغہ نہ ہو گا کہ اگر اس درجے کی مدلل تحقیق ہمارے علمی سرمایہ میں پہلے سے کثرت کے ساتھ موجود ہوتی تو مخالفین کے بہت سے اعتراضات کا رستم و سہراب کا زہرہ آب ہو جاتا اور وہ دلیل کے میدان میں اناڑی بچوں کی طرح اڑ جانے کے بجائے سنجیدہ مکالمے پر آمادہ ہوتے۔ افسوس کہ جب فطرتِ سلیمہ کا مسخ ہونا شروع ہو جائے تو دلیل بھی بعض اوقات دلوں تک پہنچنے کے بجائے تعصب کی دیواروں سے ٹکرا جاتی ہے۔

یہ کتاب کم و بیش ساڑھے پانچ سو صفحات پر مشتمل ہے۔ نمازِ پنجگانہ کے علاوہ نمازِ جنازہ، نمازِ عیدین، نمازِ تراویح اور مختلف نوافل کے احکام و مسائل بھی نہایت مدلل اور منقح انداز میں بیان کیے گئے ہیں۔ بلاشبہ یہ کتاب محبینِ سنت کے لیے ایک نادر تحفہ ہے۔ ظاہری اعتبار سے بھی کتاب کو نہایت خوبصورت انداز میں شائع کیا گیا ہے۔ اس کا سرورق دیدہ زیب، جلد بندی مضبوط، بائنڈنگ معیاری اور کاغذ عمدہ معیار کا ہے۔ البتہ محسوس ہوتا ہے کہ فاضل مصنف نے کسی تجربہ کار کمپوزر کی خدمات لینے کے بجائے موبائل پر ٹائپ شدہ مواد کو کمپیوٹر پر منتقل کرکے بعینہٖ شائع کر دیا ہے، جس کی وجہ سے کمپوزنگ کی نفاست و لطافت کسی حد تک متاثر ہوئی ہے، نیز بعض صفحات پر حواشی اس قدر باریک ہیں کہ عمر رسیدہ قارئین کے لیے مطالعہ میں دشواری پیش آ سکتی ہے۔ امید ہے کہ آئندہ اشاعت میں اس معمولی کمی کو بھی دور کر دیا جائے گا تاکہ یہ علمی شاہکار ہر اعتبار سے مزید نکھر کر سامنے آئے۔

حقیقت یہ ہے کہ *صلوٰة المسلم* کی سب سے نمایاں خصوصیت یہی ہے کہ اس میں نماز کے ایک ایک رکن، ایک ایک عمل، ایک ایک ہیئت اور ایک ایک مسنون طریقے کو صحیح احادیث، آثارِ صحابہ رضی اللہ عنہم اور معتبر روایات کی روشنی میں نہایت محققانہ انداز سے ثابت اور مزین کیا گیا ہے۔ مصنف نے محض فقہی آراء نقل کرنے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ ہر مسئلے کی بنیاد کتاب و سنت کے مضبوط دلائل پر استوار کی ہے، جس سے یہ کتاب اہلِ علم کے لیے ایک مستند مرجع اور عام مسلمانوں کے لیے ایک قابلِ اعتماد رہنما بن گئی ہے۔ یہ تصنیف اس حقیقت کی روشن دلیل ہے کہ فقہِ حنفی کا علمی سرمایہ صحیح احادیث کے مضبوط ذخیرے پر استوار ہے۔ امید ہے کہ یہ کتاب مساجد، مدارس، کتب خانوں اور ہر اس گھر کی زینت بنے گی جہاں سنتِ نبوی ﷺ سے محبت اور دین کو دلیل کے ساتھ سمجھنے کا ذوق پایا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس عظیم علمی خدمت کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، اسے مصنف کے لیے صدقۂ جاریہ بنائے، اور اس کے ذریعے امت میں سنت سے وابستگی، تحقیق کا ذوق اور علم و آگاہی کی وسعتیں مزید عام فرمائے۔ آمین!

نوٹ: یہ کتاب موبائل نمبر 03079967829 پہ رابطہ کر کے حاصل کی جا سکتی ہے۔

کالم نگار : عبدالجبار سلفی، لاہور
| | |
7