(+92) 319 4080233
کالم نگار

حکیم مفتی شاہدالاسلام

حکیم مفتی شاہدالاسلام

پروفائل | تمام کالمز
2026/07/06
موضوعات
چھوٹی سی دعا، مگر عظیم حفاظت
واش روم میں داخل ہونے کی دعا:
آج سے تقریباً تین سال پہلے کی بات ہے۔ رات کے تقریباً بارہ بجے میرا موبائل فون بجا۔ دوسری طرف ہمارے ایک پرانے دوست تھے جو کراچی سے پنجاب کی طرف سفر کر رہے تھے۔ ان کی آواز میں ایسی گھبراہٹ تھی کہ محسوس ہو رہا تھا جیسے وہ شدید پریشانی میں مبتلا ہوں۔

انہوں نے کہا:"حضرت! میری عجیب حالت ہو گئی ہے۔ اچانک میرے جسم کو جھٹکے لگنے شروع ہو گئے ہیں، سر بری طرح چکرا رہا ہے، دل بے چین ہے، اور وقفے وقفے سے میرے منہ سے عجیب آوازیں بھی نکل رہی ہیں۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہی میرے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔"

میں نے ان سے چند سوالات کیے اور ان کی کیفیت کو سمجھنے کی کوشش کی۔ پھر اچانک میں نے پوچھا:"کیا کچھ دیر پہلے آپ کسی ایسی جگہ گئے تھے جہاں گندگی یا ناپاکی ہو؟"

وہ چند لمحے خاموش رہے، پھر بولے:"جی حضرت! راستے میں ایک پبلک واش روم استعمال کیا تھا۔ بہت گندا تھا۔ جلدی میں تھا، نہ بسم اللہ پڑھی، نہ واش روم میں داخل ہونے کی دعا پڑھی، بس اندر چلا گیا۔ وہاں سے باہر نکلا تو اچانک جسم کو ایک زور کا جھٹکا محسوس ہوا، پھر سر چکرانے لگا اور اس کے بعد سے عجیب سی بے چینی مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔"

میں نے انہیں تسلی دی، مسنون اذکار اور دعاؤں کی تلقین کی، اور عرض کیا کہ بعض اوقات انسان ایسی جگہوں پر جاتے ہوئے ان سنتوں کو بھول جاتا ہے جو اللہ تعالیٰ نے ہماری حفاظت کے لیے عطا فرمائی ہیں۔ اسی لیے ہمیں کبھی بھی ان دعاؤں کو معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔

احادیثِ مبارکہ میں آیا ہے کہ بیت الخلاء ایسی جگہ ہے جہاں ناپاکی ہوتی ہے، اور ایسی جگہوں کے بارے میں رسول اللہ ﷺ نے ہمیں یہ دعا سکھائی تاکہ بندہ اللہ تعالیٰ کی پناہ میں رہے:

"بِسْمِ اللّٰهِ، اَللّٰهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْخُبُثِ وَالْخَبَائِثِ"
یعنی: "اللہ کے نام سے۔ اے اللہ! میں نر اور مادہ شیاطین کے شر سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔"

یہ چند الفاظ زبان پر لانے میں چند لمحے لگتے ہیں، مگر اللہ تعالیٰ کے حکم سے یہ بندۂ مؤمن کے لیے حفاظت کی ایک مضبوط ڈھال بن جاتے ہیں۔اسی طرح ہمیں اپنے گھروں کو بھی صاف ستھرا رکھنا چاہیے۔ گھروں میں جمع ہونے والا کچرا، دیواروں اور چھتوں پر لگے مکڑی کے جالے، گردوغبار اور گندگی مسلمان کی شان نہیں۔ صفائی نصف ایمان ہے، اور ایک پاکیزہ گھر سکون، برکت اور اچھے ماحول کا ذریعہ بنتا ہے۔

اپنے جسم کی صفائی کا بھی خاص اہتمام کریں، حتیٰ الامکان باوضو رہنے کی عادت اپنائیں، کیونکہ ظاہری طہارت کے ساتھ روحانی پاکیزگی بھی انسان کے اطمینان کا سبب بنتی ہے۔

آئیے! آج ہی یہ عہد کریں کہ واش روم میں داخل ہونے سے پہلے بسم اللہ اور مسنون دعا ضرور پڑھیں گے، اپنے گھر کو پاکیزہ رکھیں گے، اور ان سنتوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔ بسا اوقات اللہ تعالیٰ اپنے بندے کی حفاظت انہی چھوٹے چھوٹے اعمال کے ذریعے فرماتا ہے جنہیں ہم معمولی سمجھ کر بھول جاتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی حفظ و امان میں رکھے، ہر قسم کے شر سے محفوظ فرمائے، اور سنتِ نبوی ﷺ پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

کالم نگار : حکیم مفتی شاہدالاسلام
| | |
61